• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہاکہ یہ پہلی بار ہے کہ ایک کشمیری نژاد برطانوی شہری رکن یورپی پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں جو تمام کشمیریوں کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے برطانیہ سے نومنتخب رکن یورپی پارلیمنٹ کشمیری نژاد سیاستدان شفاق محمد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاق محمد کا بنیادی طور پر تعلق آزاد کشمیر سے ہے اور ہمیں امید ہے کہ ان کے منتخب ہونے سے کشمیرکاز کو یورپ میں مزید اُجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

علی رضا سید نے کہا کہ یورپ کے انسانیت دوست حلقے انسانی حقوق کے مسائل کو نظر انداز نہیں کرتے اور یہ ایک اہم موقع ہے کہ نومنتخب اراکین یورپی پارلیمنٹرینز کے ساتھ  مل کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے حقوق کو زیادہ سے زیادہ اُجاگر کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں جن کو روکنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

 علی رضا سید نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ڈاکٹر سجاد کریم جو پہلے مسلمان رکن ای یوپارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، نے اپنے تین ادوار کے دوران مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

سابق رکن ای یو پارلیمنٹ راجہ افضل خان جو ان دنوں رکن برطانوی پارلیمنٹ ہیں، کی خدمات بھی نمایاں رہی ہیں جنہوں نے اپنے دور میں مسئلہ کشمیرپر نمایاں کام کیا۔

ان کے علاوہ اراکین یورپی پارلیمنٹ واجد خان اور امجد بشیر کی کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ شخصیات آئندہ بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی کاوشیں کرتی رہیں گی۔  

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے امید ظاہر کی کہ نئے متخب ہونے والے کشمیری نژاد رکن ای یو پارلیمنٹ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے دیگر اراکین ای یو پارلیمنٹ سے مل کر  یورپ کی سطح پر کوششیں جاری رکھیں گے۔   

تازہ ترین