• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’عید الفطر‘‘ خوشیاں بانٹنے، سمیٹنے کانام ہے، جس کی مٹھاس ’’عید ملن پارٹیز‘‘ کی صورت بھی ہفتوں باقی رہتی ہے۔اگر آپ نےبھی اپنے پیاروں سے میل ملاقات کے لیےکسی عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا ہے،تو یقیناً اس مناسبت سےکوئی مینیو بھی ترتیب دے رکھاہوگا،تو لیجیے،اس میں ہماری جانب سے آئس کریمز کی چند تراکیب بھی شامل کرلیں ۔

چیکو آئس کریم

اجزاء: چیکو(چھیل کر کاٹ لیں)دس عدد،دودھ آدھا کپ،چینی ایک کپ اور وِہپڈ کریم(whipped cream) ایک کپ۔

ترکیب: بلینڈر میں چیکو اور دودھ ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔اس کے بعد ایک پیالے میں وِہپڈ کریم اور چینی ڈال کر اس حد تک پھینٹیں کہ مقدار میں زیادہ محسوس ہونے لگے۔اس کے بعد چیکو کے آمیزے کوبھی اس میں مِکس کرلیں اور آئس کریم سانچوں میں ڈال کر فریزر میں جمنے کے لیے رکھ دیں۔

چاکلیٹ آئس کریم

اجزاء: دودھ آدھا کپ،کوکو پائوڈر دو چائے کے چمچ، چینی ایک کپ اور وِہپڈ کریم ایک کپ۔

ترکیب: ایک پیالے میں کوکو پائوڈر اور دودھ اچھی طرح مِکس کرلیں۔پھر دوسرے پیالے میں کریم اور چینی خُوب پھینٹ کر کوکو پائوڈر کے آمیزے میں مِکس کر دیں۔ تمام آمیزے کو آئس کریم کے مخصوص سانچوں میں ڈال کر جمنے کے لیے رکھ دیں۔ تین سے چار گھنٹے بعدمزے دار چاکلیٹ آئس کریم کا لطف اُٹھائیں۔

برائونی آئس کریم

برائونی کے اجزاء:میدہ ایک چوتھائی کپ، چینی ایک چوتھائی کپ، کوکو پائوڈر ایک چوتھائی کپ، بیکنگ پائوڈر دو چائے کے چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، انڈا (پھینٹ لیں)ایک عدد، تیل ایک چوتھائی کپ، ونیلا ایسینس چند قطرے اورگرم پانی یا دودھ ایک چوتھائی کپ۔ آئس کریم کے لیے : وِہپڈ کریم ایک کپ اور چینی ایک کپ۔

ترکیب:برائونی بنانے کے لیے ایک پیالے میں تمام اجزاء مِکس کرکے آمیزہ بنا لیں۔پھر یہ آمیزہ ایک برتن میں یہ آمیزہ ڈال کر مائیکروویو اوون میں بیک ہونے کے لیے سات سے دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔برائونی تیار ہوجائے، تو ٹھنڈا ہونے پر چُورا کرلیں۔اس کے بعد ایک پیالے میں کریم اور چینی پھینٹ کراس میں برائونی کا چُورا اچھی طرح مِکس کرکےسانچوں میں ڈال کر فریزر میں جمنے کے لیے رکھ دیں۔

(مبشرہ خالد)

تازہ ترین