• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورِ جدید میں ہر چیز کو اس کی برانڈ ویلیو کے لحاظ سے دیکھا جاتا ہے۔ انسان بھی تغیر کے اس عمل سے محفوظ نہیں رہ سکا اور اب کسی بھی انسان کو ایک برانڈ کے طور پر لیا جاتا ہے۔ تو پھر آخر، ایک انسان کو کامیاب برانڈ بنانے میں سب سے اہم چیز کیا ہوتی ہے؟

ہر چند کہ ’پرسنل برانڈنگ‘ سے اکثر لوگ ’میں، میں اور میں‘ کا مطلب لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ’پرسنل برانڈنگ‘ کا مطلب ہر چیز پر خود کو فوقیت دینا ہے۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ مؤثر پرسنل برانڈنگ دراصل، نظر آنے، دستیاب رہنے اور دوسروں کے لیے فائدہ مند ہونے کا مجموعہ ہے۔

ویسے تو ہر پرسنل برانڈ دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ دو کامیاب پروفیشنلز نے اگر ایک ہی شعبہ میں ایک ہی طرح سے ایک ہی سطح کی کامیابی حاصل کی ہے، تو لازمی نہیں کہ دونوں کا پرسنل برانڈ ایک ہی ہو۔ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ ان کے ساتھی ان کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کے معترف ہوتے ہیں اور ہر وقت ان کی مدد کو تیار رہتے ہیں۔ دراصل ، انھوں نے اپنے کیریئر کو اس طرح بنایا ہوتا ہے کہ کئی ہمعصر ان پر رشک کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، کامیاب پرسنل برانڈ کے حامل افراد میں درج ذیل خصوصیات مشترک ہوتی ہیں۔

بامقصد ہوتے ہیں

انھیں پتہ ہوتا ہے کہ وہ جو کررہے ہیں، اسے کیوں کررہے ہیں۔ زیادہ تر لوگ اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ وہ کیا کررہے ہیں اور کس طرح کررہے ہیں۔ کامیاب پرسنل برانڈ رکھنے والے افراد اپنے کام کے پیچھے وجوہات تلاش کرتے ہیں اور گمشدہ نکات کو تلاش کرکے جوڑتے ہیں۔ ایسے لوگ ہر کام کو اپنے اقدار اور یقین کے پیمانے میں پرکھتے ہیں اور اس میں مقصد تلاش کرتے ہیں۔

پُراعتماد ہوتے ہیں

اعتماد، پرسنل برانڈنگ کی سب سے پرکشش وصف ہے۔ ہم ایسے لوگوں سے متاثر ہوتے ہیں اور ان کی طرف کھنچے چلے جاتے ہیں، جو نہ صرف اپنے آپ میں مطمئن رہتے ہیں بلکہ ان کی شخصیت سے بھی اعتماد جھلکتا ہے۔ ان کی شخصیت میں توازن ہوتا ہے اور انھیںاس بات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کیا ہیں۔ اعتماد اکثر ایسے لوگوں میں آتا ہے جو اپنے اصل برانڈ کو سامنے لاکر پیش کرتے ہیں، وہ بننے کی کوشش نہیں کرتے۔ وہ اپنا وہی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں، جو حقیقت میں ہوتے ہیں، اس کے لیے وہ کسی معذرت یا معافی کے طلب گار نہیں ہوتے۔

چشم بند رہنا پسند نہیں کرتے

وہ اپنے کردار سے بڑھ کر سوچتے ہیں۔ یقیناً، انھیں جو کردار دیا جاتا ہے وہ اس میں ماہرانہ صلاحیتیں حاصل کرنے سے کم پر اکتفاء نہیں کرتے اور اپنے کردار سے ادارے میں اپنا ایک نشان چھوڑجاتے ہیں لیکن وہ ادارے کے دیگر دائروں میں بھی اپنا اثر دِکھانا چاہتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ جس کمپنی میں کام کرتے ہیں، وہاں اپنے پروفائل میں اضافے کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور کمپنی کے تمام ڈپارٹمنٹس میں لوگوں سے ساتھ رابطے قائم کرتے ہیں۔ وہ اپنے ادارے اور اس کے باہر اپنی صلاحیتوں اور نظریات کے باعث جانے پہچانے جاتے ہیں۔

بے لوث اور فیاض ہوتے ہیں

مضبوط پرسنل برانڈ رکھنے والے لوگ دوسروں کی تعریف کے مقابلے میں بےلوث اور فیاض ہوتے ہیں۔ وہ دوسروں کی محنت، صلاحیت اور کردار کو آن لائن اور ذاتی طور پر تسلیم کرنے میں دیر نہیں لگاتے اور دوسروں پر تعریفیں نچھاور کرتے رہتے ہیں۔ وہ جہاں کہیں ضروری ہو، معلومات، مواد اور مشورہ دینے میں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں کرتے۔ وہ کثرت اور فراوانی کی دنیا میں رہتے ہیں، جہاں وہ دوسروں کی مدد کرنے کے لیے وقت اور توانائی صرف کرنے کے لیے ہر دم تیار رہتے ہیں۔

زندگی بھر سیکھتے رہتے ہیں

وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ اگر وہ کچھ نیا نہیں سیکھ رہے اور آگے نہیں بڑھ رہے تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ دراصل وہ پیچھے جارہے ہیں۔ ان میں ایک تجسس کی حِس ہوتی ہے، جو انھیں نئی نئی چیزیں سیکھنے اور کرنے پر مجبور کرتی رہتی ہے۔ وہ سیکھنے کے لیے کسی بھی موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، چاہے وہ روز مرہ معمولات کے ذریعے حاصل ہو، کام کرتے ہوئے حاصل ہو یا پھر باقاعدہ طور پر ٹیلنٹ ڈیویلپمنٹ پروگرامز کے ذریعے حاصل کرنا پڑے۔

بلند نظر ہوتے ہیں

ہرچندکہ انھیں پتہ ہوتا ہے کہ آج انھوں نے کیا کام کرنا ہے، لیکن ان کی نظریں ہر وقت مستقبل پر رہتی ہیں۔ وہ ہمیشہ یہ سوچ رہے ہوتے ہیں کہ ’اس کے بعد کیا ہے؟‘ یہ سچ ہے کہ پرسنل برانڈنگ کا دارومدار آپ کی اس خصوصیت پر ہوتا ہے کہ لوگ آپ کو کتنا ’مستند‘ مانتے ہیں لیکن اس میں ایک عنصر ’خواہش‘ کا بھی ہوتا ہے۔ آپ کو کرنا یہ ہے کہ حال میں وہ بن کر رہیں جو آپ ہیں لیکن اپنی پوزیشننگ کو مستقبل کے حوالے سے ڈھالنے پر بھی کام جاری رکھیں۔ مضبوط پرسنل برانڈ کے حامل افراد اپنے عمل کے ذریعے یہ ضرور عیاں کردیتے ہیں کہ وہ نہ صرف اپنے موجودہ کام میں مہارت رکھتے ہیں بلکہ وہ اگلی منزل کے لیے بھی تیار اور بے قرار ہیں۔

تازہ ترین