• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شوبز شخصیات کا تعلق امریکا سے ہے لیکن اب امریکی سیلیبرٹیز کو اگر کسی نے چیلنج کرنا شروع کیا ہے تو وہ جنوبی کوریا ہے۔ اگر آپ ابھی تک محض یہ سمجھتے تھے کہ جنوبی کوریا صرف اسمارٹ فونز کے میدان میں ہی امریکا سے آگے نکل رہا ہے تو آپ اپنی معلومات کو مزید بہتر بنالیں۔

Kپاپ کی بڑھتی مقبولیت

کورین پاپ میوزک جسے عرف عام میں Kپاپ کہا جاتا ہے، تیزی سے بین الاقوامی سطح پر اپنے لیے جگہ بنا رہا ہے۔ آپ کو 2012ء میں جنوبی کوریا سے سامنے آنے والا ’گنگم اسٹائل‘ ڈانس نمبر تو ضرور یاد ہوگا، جس نے یوٹیوب پر تاریخ میں پہلی بار ایک ارب ویوز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ یہاں تک کہ جولائی 2017ء تک 3.3ارب سے زائد یوٹیوب ویوز کے ساتھ اس جنوبی کوریائی ڈانس نمبر نے جسٹن بیبر کے میوزک ویڈیو ’بے بی‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

بلیک پنک کی انٹری

بلیک پِنک جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی چار پاپ گرلز کا گروپ ہے، جس نے دنیا میں تہلکہ مچا یا ہوا ہے۔ جنوبی کوریائی لڑکیوں کے اس گروپ کے ڈیبیو میوزک ویڈیو 'Kill This Love'نے اپریل کے پہلے ہفتے میں یو ٹیوب پر ویورشپ کے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے ۔ یوٹیوب کے مطابق، بلیک پِنک گروپ کے 4اپریل 2019ء کو یوٹیوب پر ریلیز ہونے والے سنگل 'Kill This Love'نے پہلے 24 گھنٹوں میں 56.7ملین ویوز حاصل کرکے، پہلے 24گھنٹوں میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ویڈیو کا ریکارڈ قائم کردیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ امریکی پاپ گلوکارہ اور کروڑوں دلوں کی دھڑکن آریانا گرینڈ کے پاس تھا، جن کے ویڈیو 'Thank you, next' نے یوٹیوب پر ریلیز کے اولین 24گھنٹوں میں 55.4ملین ویوز حاصل کرکے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔ بلیک پِنک کے اس ویڈیو نے دیگر جو ریکارڈ اپنے نام کیے، ان کی تفصیلات کچھ اس طرح ہے:

- یوٹیوب پر آل ٹائم سب سے بڑے پریمیئر کا اعزاز، جسے ایک ہی وقت میں 9لاکھ79ہزار ویورز نے دیکھا۔

- تین دن سے کم عرصے میں 10کروڑ یوٹیوب ویوز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔ دراصل، اس ویڈیو نے 2دن اور 14 گھنٹوں میں یوٹیوب پر 10 کروڑ ویوز حاصل کرلیے، اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی کوریا کے گنگم اسٹائل فیم سنگر Psyکے ’جینٹل مین‘کے کریڈٹ پر تھا۔

پسِ پردہ حقائق

جنوبی کوریا کا اونلی گرل کے-پاپ گروپ پہلی بار 2016ء میں منظرعام پر آیا۔ گروپ میں جِیسو، جینی، روز اور لیزا شامل ہیں۔ اسی سال اگست کے مہینے میں ’اسکوائر وَن‘ کے نام سے ان کا پہلا میوزک البم ریلیز ہوا، جس کے دو ویڈیوز نے خصوصاً بے پناہ شہرت حاصل کی، جن میں Boombayahاور Whistleشامل تھے۔ دراصل، Whistleکی صورت میں انھیں جنوبی کوریا کے میوزک چارٹس پر اپنا اولین نمبروَن ویڈیو بھی میسر آیا۔ لڑکیوں کا یہ گروپ یوٹیوب پر جنوبی کوریا کی نئی تاریخ رقم کررہا ہے۔ صرف گزشتہ سال ہی بلیک پِنک گروپ کے ایک اور گانے Ddu-Du Ddu-Duنے اس وقت کے ریکارڈ کے مطابق، جنوبی کوریا کی تاریخ میں اولین 24گھنٹوں میں سب سے زیادہ یو ٹیوب ویوز حاصل کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔ اب تک اس ویڈیو کے یوٹیوب ویوز کی تعداد 75کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ اس طرح یہ یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھاجانے والا کورین میوزک ویڈیو ہے۔ مزید برآں، ہاٹ-100پر سب سے اوپر جگہ بنانے والا کے-پاپ گرل گروپ کا یہ واحد ویڈیو ہے۔

بی ٹی ایس کو چیلنج

بلیک پِنک سے قبل، جنوبی کوریا سے باہر وہاں کا سب سے زیادہ پہچانا جانے والا گروپ آل بوائے گروپ بی ٹی ایس تھا۔ بلیک پِنک کے ویڈیو نے اپریل کے اوائل میں جب آریانا گرینڈ کے گانے کو یوٹیوب پر پیچھے چھوڑا تھا تو اس سفر میں ان لڑکیوں نے دراصل جنوبی کوریائی لڑکوں کے گروپ بی ٹی ایس کے گانے ’آئیڈل‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا، جو اس وقت آریانا گرینڈ کے ’تھینک یو، نیکسٹ‘ کے بعد دوسری پوزیشن پر براجمان تھا۔

اب یوٹیوب کی تاریخ نے ایک اور دلچسپ موڑ لیتے ہوئے، اپریل ہی کے مہینے میں بلیک پِنک سے 24گھنٹوں کے اندر یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ویڈیو کا اعزاز چھین لیا اور یہ اعزاز اب بی ٹی ایس کے ویڈیو ’بوائے وِدھ لَو‘ کےپاس آگیا ہے، جس نے یوٹیوب پر ڈیبیو کے پہلے 24گھنٹوں میں ریکارڈ 74.6ملین ویوز حاصل کیے۔ تاہم بین الاقوامی میوزک انڈسٹری پر نظر رکھنے والے ماہرین کا خیال ہے کہ ایک طرف جہاں بی ٹی ایس کی کامیابی کا راز ان کی سوشل میڈیا مارکیٹنگ میں پنہاں ہیں، بلیک پِنک کی لڑکیاں اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر بہت جلد بی ٹی ایس سے آگے نکل جائیں گی۔

تازہ ترین