• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پھر کرم ہو چلا، میں مدینے چلا، میں ایک بار پھر رحمۃ للعالمین کے شہر میں موجود تھا، اس فخر اور عاجزی کے ساتھ کہ یہاں آتے ہیں وہی جن کو سرکار بلاتے ہیں، یہاں ہوا کے ہر جھونکے میں درود و سلام کا سرور ہے۔ مسجد نبویﷺ میں زندگی پوری آب و تاب کے ساتھ موجود ہے۔ میں بھی سرکار دو عالمﷺ کی میزبانی کا شرف حاصل کرنے کیلئے عالم کی سب سے معتبر مسجد میں موجود ہوں، اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم ہوا کہ ہوٹل بھی مسجد نبویﷺ سے چند قدم کی مسافت پر ملا، اپنے دوستوں کے ہمراہ قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اور اذان مغرب سے چند منٹ قبل مسجد میں داخل ہوئے، میرے بالکل سامنے گنبد خضریٰ پوری خوبصورتی اور جاہ و جلال کے ساتھ موجود تھا اور میں اس گنبد کی نسبت اور خوبصورتی میں گم ہوچکا تھا۔ یہ گنبد عین اس جگہ واقع ہے جہاں نبی پاکﷺ کا حجرہ مبارک موجود ہے۔ میں کچھ شرمندہ بھی تھا کہ خالی ہاتھ افطار کیلئے مسجد نبویﷺ میں آپہنچے تھا لیکن میرے ساتھ آنے والے دوست بالکل مطمئن تھے کہ جس کی میزبانی میں ہم یہاں موجود ہیں وہ اپنے مہمانوں کا خاص خیال رکھتے ہیں اور پھر شروعات ہوچکی تھی، کھجوروں سے ابتداء ہوئی اور پھر کم از کم چھ اقسام کی کھجوریں ہمارے سامنے موجود تھیں، پھر پانی آب زم زم کی صورت میں سامنے رکھا جاچکا تھا، پھر کئی طرح کے جوس دستر خوان پر جمع ہوچکے تھے پھر دہی، پھر خاص قسم کی بریڈ اور پھر پھل، سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ڈبے بھر بھر کر روزہ داروں کے دستر خوان سجارہے تھے۔ سبحان اللہ صرف خواہش کو سوچنا ہی کافی تھا منٹوں میں پوری کرنا میزبان کے ذمے تھا۔ دسترخوان بھر چکا تھا لیکن لوگ تھے کہ ڈبے پکڑے مارے مارے پھر رہے تھے کہ کسی طرح ان کی لائی ہوئی افطاری یہاں بیٹھے روزہ دار کرسکیں، چند منٹوں بعد مسجد نبویﷺ کی اذان سے فضا معطر ہو چکی تھی، لاکھوں لوگوں کے ساتھ مسجد نبویﷺ میں بیٹھ کر روزہ افطار کرنے سے بڑھ کر افطار کا مزہ کوئی ہو نہیں سکتا، مجھ سمیت ہر شخص اپنی قسمت پر نازاں تھا، یہاں گزرنے والا ہر لمحہ اللہ تعالیٰ سے نبی پاکﷺ کے صدقے اور وسیلے سے مانگنے کا لمحہ ہے، اپنی اور اہل خانہ سمیت دوستوں، رشتہ داروں کی جانب سے نبی اکرمﷺ کی خدمت میں سلام پہنچانے کی سعادت حاصل کی، مسجد نبویﷺ میں ستائیسویں شب گزارنے کا موقع ملا، عشاء کی نماز کے بعد تراویح میں شرکت کی پھر دو گھنٹے کے بعد محفل شبینہ کا اہتمام کیا گیا جس میں دس طویل رکعات کے ذریعے لیلتہ القدر کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد امام مسجد نبویﷺ نے جس طرح گڑگڑا کر، آہ وزاری کے ساتھ دعائیں مانگیں اس نے مسجد میں موجود لاکھوں نمازیوں کو رلا دیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ مسجد میں موجود ہر فرد درد دل کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی طلب کررہا ہے، ہر شخص گریہ کررہا تھا، ہر شخص اپنے لئے اور اپنے اہل خانہ کیلئے مغفرت طلب کررہا ہے اور پھر ایک روحانی سکون کا احساس ہوا، دل بہت ہلکا ہوچکا تھا، دل چاہ رہا تھا کہ یہ رات کبھی ختم نہ ہو، مسلمان ہونے پر فخر محسوس ہورہا تھا، محفل شبینہ اختتام پذیر ہوچکی تھی لوگ اب سحری کا انتظام کررہے تھے۔ میرے لئے یہ پہلا رمضان تھا جو میں نے مسجد نبویﷺ میں گزارا، جو اب میری زندگی کا اثاثہ ہے، ایئرپورٹ پر ماضی میں گھنٹوں گھنٹوں لگنے والی لائنوں کا دور اب ختم ہوچکا ہے، امیگریشن عملہ تربیت یافتہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور منٹوں میں امیگریشن کرا کر آپ شہر میں داخل ہو سکتے ہیں۔ شہزادہ سلمان کی جانب سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سعودی عرب میں انتظامی طور پر بہترین تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جس پر سعودی ولی عہد مبارکباد کے مستحق ہیں، جدہ پہنچتے پہنچتے شام ساڑھے پانچ بچ چکے تھے اور ساتھ بجے مغرب ہونا تھی کئی دوست روزہ جدہ میں افطار کرانے کی ضد کررہے تھے لیکن مجھ سمیت سب نے یہ فیصلہ کررکھا تھا کہ ہمیں ہر حال میں روزہ خانہ کعبہ میں کھولنا ہے لہٰذا ہماری ضد کے سامنے ہمارے میزبانوں کی ایک نہ چلی اور ہم خانہ کعبہ میں افطار اور عمرے کی نیت سے احرام باندھ کر روانہ ہوگئے۔ رش بہت تھا مگر ہم ایک خالی سڑک کے ذریعے عین اذان کے وقت خانہ کعبہ میں موجود تھے جو ایک ناممکن سی بات لگ رہی تھی، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور خانہ کعبہ میں نماز مغرب ادا کی اور بہترین طریقے سے عمرہ بھی ادا کیا، ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ہمیں قدرت کی جانب سے مانیٹر کیا جارہا ہے اور جو جو ہم چاہ رہے ہیں ویسا ہی بندوبست ہوتا جارہا ہے، بلاشبہ ہمارے نبی رحمۃ للعالمین ہیں اور عالمین کے سب سے بڑے میزبان سرکار دو عالم نبی اکرمﷺ کے مہمان ہیں، تمام خواہشیں پوری کی جارہی ہیں، ان شاءاللہ تمام دعائیں بھی پوری ہونگی۔ اس دعا کے ساتھ ہماری حاضری اس دربار کی ہوتی رہے۔ آمین، تو پھر آپ کب دنیا کے سب سے بڑے میزبان کے مہمان بننے جارہے ہیں؟ اللہ تعالیٰ سب کو یہ سعادت نصیب کرے، آمین۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین