• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاں بلب مریض کی ان دیکھی بیٹی سے ملنے کی خواہش،ویزا کی اپیل

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ایسٹ لندن کے نیو ہیم ہسپتال میں زیر علاج کینسر کے ایک جاں بلب مریض 65 سالہ محبوب عالم نے پاکستان میں موجود اپنی اس بیٹی سے ملنے کی آخری خواہش کا اظہار کیا ہے، جس کو اس نے کبھی نہیں دیکھا، محبوب عالم نے اپنی بیٹی کو برطانیہ کا ویزا جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔ محبوب عالم اچھے مستقبل کے سپنے آنکھوں میں سجائے برطانیہ آیا تھا لیکن وہ برطانیہ میں اپنے قیام کو ریگولرائز کرانے میں ناکام رہا اور ویزا کی میعاد ختم ہوجانے کے بعد سے غیر قانونی طورپر برطانیہ میں مقیم ہے، اب وہ اتنا شدید بیمار ہے کہ ڈاکٹروں نے اسے سفر کرنے سے منع کر دیا ہے اور کوئی بھی ایئر لائن اس حالت میں اسے طیارے پر سوار کرانے کو تیار نہیں ہے۔ لندن سے ایک پاکستانی نیوز چینل کے نمائندے تبریز اورہ نے ٹوئٹر پر اس کی حالت زار سے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا، جس پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر نے اس کی بیٹی کو ویزا جاری کرنے میں مدد کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے محبوب عالم کی 13 سالہ بیٹی کو اپنی تفصیلات کے ساتھ ویزا کی درخواست دینے اور اس کی ایک کاپی انھیں بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔ محبوب عالم نے بستر مرگ سے یہ اپیل کی تھی کہ میری زندگی اب چند ہفتوں کی رہ گئی ہے۔ میں پاکستان نہیں جاسکتا، کیونکہ ڈاکٹروں نے اس کی ممانعت کردی ہے، برائے مہربانی میری بیٹی کو برطانیہ کا ویزا جاری کرانے میں مدد کریں، تاکہ میں اپنی بیٹی سے پہلی اور آخری مرتبہ مل سکوں، جس پر برطانوی ہائی کمشنر نے اپنا ای میل دیتے ہوئے اسے درخواست دینے اور انھیں اس کی اطلاع دینے کو کہا ہے۔

تازہ ترین