• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہڑتال کے حوالے سے باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے، ڈسٹرکٹ بار

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) ڈسٹر کٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سید تنویر سہیل شاہ نے کہا ہے کہ جس طرح سپریم کورٹ بار کے صدر نے ہڑتال کے حوالے سے جو بیان دیا ،اس ضمن میں ہم باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے،عمران منج ایڈووکیٹ کی سزا معطلی پر بھی واضح بیان جاری کیا جانا چاہیے جس سے پاکستان بھر کے وکلاء کے موقف کی تائید ہوگی۔ ہم پاکستان بار اور پنجاب بار کونسل کے ساتھ ہیں مگر ہماری اولین ترجیح عمران منج ایڈووکیٹ کی رہائی ہے۔ بار کے جنرل سیکرٹری محمد شہزاد میر نے کہا کہ ہم تمام قومی اداروں کا احترام کرتے ہیں اور یہی چاہتے ہیں کہ کسی بھی ادارے کی عزت اور وقار کو پامال نہ کیا جائے،عدلیہ باعزت ادارہ ہے جس کو متنازعہ بنایا جانا افسوسناک اقدام ہے۔ ایک جج کو میڈیا میں اسطرح بدنام کرنا اور اس کی گرانقدر خدمات کو فراموش کرنا دوسرے ججز کیلئے تشویش ناک امر ہے اور ان کے فیصلوں پر ان کی آواز کو سلب کرنے کے مترادف ہے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ قابل اور لائق تحسین جج اور جوڈیشنری کا سرمایہ ہیں۔ میں یہ نہیں کہتا کہ احتساب نہیں ہونا چاہیے ،احتساب سب کا ہونا چاہیے لیکن ایک دائرہ کار میں رہ کر جس سے کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو ۔اکثر اوقات کئی سال تک لوگوں کو الزام تراشی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور بعد میں ان پر کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوتا جس سے ایماندار افسر کیلئے کام کرنا نہایت مشکل ہو جاتا ہے اور وہ کوئی بھی فیصلہ آزادی سے نہیں دے پاتا۔
تازہ ترین