• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلط پارکنگ‘ گاڑی اٹھانے پر ڈرائیور مشتعل ‘ ٹریفک وارڈن کی درگت بناڈالی

پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کینٹ میں غلط پارکنگ پر گاڑی فورک لفٹر کے ذریعے اٹھانے پر ڈرائیور نے مشتعل ہوکر ساتھیوں سمیت انچارج ٹریفک وارڈن کینٹ سرکل کی درگت بناڈالی جبکہ بجوڑی گیٹ میں تیز رفتاری پر روکے جانے پر کار سوار افراد نے مشتعل ہوکر ٹریفک کانسٹیبل کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اُس کی وردی پھاڑ دی، پولیس نے دونوں واقعات میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اُن کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔ پہلے واقعے میں سب انسپکٹر انچارج ٹریفک وارڈن کینٹ سرکل نصر اللہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے شرقی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ نعیم شاہ چوک میں موجود تھا کہ اس دوران سڑک کے وسط میں گاڑی پارک کرنے پر اُسے فورک لفٹر کے ذریعے اٹھا دیا، اس دوران گاڑی کا مالک اپنے تین ساتھیوں سمیت وہاں آگیاں اور اُسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ دریں اثناء ٹکٹنگ آفیسر سلیمان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تھانہ خان رازق پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے سٹاف کے بجوڑی گیٹ میں موجود تھا کہ اس دوران گاڑی نمبر بی سی 6892 کو تیز رفتاری پر رکنے کا اشارہ کیاجس پر وہ مشتعل ہوگیا اور اپنے دوسرے کانسٹیبل منور شاہ کو پکڑ کر نہ صرف وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اُس کی وردی بھی پھاڑ دی اور قانون کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پولیس کے مطابق اطلا ع پر کارروائی کے دوران دونوں ملزمان اسفندیار ولد رحمت حسین ساکن پلوسئی اور سید ولی ولد فضل رحیم ساکن بہادر کلے کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تازہ ترین