• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آبادہائیکورٹ‘نوازشریف کی ضمانت‘ڈی جی نیب طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر نیب جواب نہ جمع کرا سکا۔ عدالت عالیہ کے ڈویژن بنچ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی نیب کو 19 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ‘جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ نیب مہینہ مہینہ جواب نہیں دیتااور الزام عدلیہ پر لگتا ہے کہ انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے۔ نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی دوسری درخواست کی سماعت گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔ نیب کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ دو ہفتے کا وقت دیا تھا مگر نیب پھر بھی جواب داخل نہ کرا سکا ، پہلے دوسرے ادارے جواب داخل کرانے میں تاخیر کرتے تھے اب نیب نے بھی یہی کام شروع کر دیا ہے ، ضمانت قبل از گرفتاری ہو یا بعد از گرفتاری نیب مہینہ مہینہ جواب نہیں دیتا اور الزام عدلیہ پر لگتا ہے کہ انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ نیب اتنا کام کرے جتنی اس کی استعداد ہے ، چار چار ہفتے تک جواب جمع نہیں کراتے جس کی وجہ سے مقدمات التواءکا شکار رہتے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نیب جواب جمع نہ کرانے کی وضاحت پیش کرے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔ اس پر عدالت نے ڈی جی نیب کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی۔
تازہ ترین