آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعرات23؍ ربیع الاوّل 1441ھ 21؍نومبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

موسمِ گرما میں عام طور پرجسم میں نمکیات کی کمی واقع ہوجاتی ہے۔ایسے میں ٹھنڈی تاثیر والی غذاؤں کے ساتھ مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔تولیجیے،اس سخت گرمی کے توڑ کے لیے کچھ ٹھنڈے ٹھار مشروبات کی تراکیب حاضر ہیں۔ چوں کہ آج دُنیا بھر میں’’فادرز ڈے‘‘ بھی منایا جارہا ہے،تو کیوں نہ آج شام ان ہی میں سےکوئی مشروب اپنے ہاتھوں سے بنا کر والدِ محترم کی خدمت میں پیش کرکے ڈھیروں ڈھیر دُعائیں لے لی جائیں۔


آم، الائچی کاجوس

اجزاء: آم (چھیل کر کیوبز میں کاٹ لیں)دو عدد،دودھ ایک کپ، چینی حسبِ ذائقہ، سبز الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، برف کے کیوبز حسبِ منشاء اور سجاوٹ کے لیے بادام یا پستہ (باریک کاٹ لیں)حسبِ ضرورت۔

ترکیب:بلینڈر میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔پھر گلاسز میں جوس نکال کر بادام یا پستہ چھڑک دیں۔

مینگو، پائن ایپل مِکس جوس

اجزاء: آم ایک عدد، پائن ایپل جوس ایک گلاس، لیموں(رس نکال لیں)ایک عدد، برف کے کیوبز ایک کپ اور پودینے کے پتّے سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب: آم چھیل کر ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔پھر بلینڈر میں آم کے ٹکڑے، پائن ایپل جوس، لیموں کا رس اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرکے گلاسزمیں نکال لیں۔ سَرو کرنے سے قبل گلاس کے کونے پر پودینے کے پتّوں سے سجاوٹ کرلیں۔

خربوزے کا جوس

اجزاء: خربوزہ ایک عدد، ادرک پاؤڈر چٹکی بَھر، لیموں (رس نکال لیں)ایک عدد اور برف (کُٹی ہوئی)حسبِ ضرورت۔


ترکیب: پہلے خربوزہ چھیل کر کیوبز میں کاٹ لیں۔پھر بلینڈر میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرکے گلاس میں نکال دیں۔مزے دار جوس تیار ہے۔

کافی شیک

اجزاء: کافی تین کھانے کے چمچ، دودھ تین کپ، کوکو پاؤڈر ایک کھانےکا چمچ،ونیلا ایسینس چند قطرے، چینی حسبِ ذائقہ، آئس کیوبز ایک کپ ۔

ترکیب: بلینڈر میں کوکو پاؤڈر کے علاوہ تمام اجزاء ڈال کر بلینڈ کرلیں، پھر گلاس میں نکال کر کوکو پاؤڈر چھڑک کر سَرو کریں۔


پائن ایپل لسّی

اجزاء: پائن ایپل ایک ٹن، دہی آدھا کلو، دودھ دو گلاس، چینی حسبِ منشاء اور کُٹی ہوئی برف۔


ترکیب: تمام اجزاء بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر کے گلاس میں نکال کر پیش کریں۔

  (عائشہ مصطفیٰ، کراچی)

سنڈے میگزین سے مزید