• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیسکو نوشکی میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائے‘انجینئر عثمان

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی میر محمد عثمان بادینی نےنوشکی میں کیسکو کے ناروا اقدامات ظلم کے خلاف اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ کیسکو نے بلوچستان کے عوام کو طویل عرصے سے جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ذہنی کوفت میں مبتلا کر رکھاہے۔ رمضان میں بلوچستان خصوصاً نوشکی میں شروع ہونے والی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جو آج تک جاری ہے۔ کیسکو حکام بلوچستان خصوصاً نوشکی کے عوام کو اس عذاب سے نجات دلائیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری آل پارٹیز نوشکی اور زمیندار ایکشن کمیٹی نوشکی کے احتجاج کے باوجود کیسکو اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم ہے اورنوشکی کے عوام کو اس شدید گرمی میں 20 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی ایک سرحدی علاقہ ہونے کی صورت میں سرحد کی بندش اور کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا گزر بسر زراعت سے وابستہ ہے لیکن طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج سے زراعت بری طرع متاثر ہے ۔ کیسکو انتظامیہ نے اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے نوشکی کے عوام اور زمینداروں کا معاشی قتل عام کرکے لوگوں کو دو وقت کی روٹی کا محتاج بنا رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی کی اکثر آبادی سٹی سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہونے کے باوجود وہاں 20 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ وہاں کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ ظلم کی انتہاتو یہ ہے کہ اس شدید گرمی میں بھی نوشکی کے عوامِ قبائلی وسیاسی رہنمااور زمیندار احتجاج پر ہیں اور گرڈ اسٹیشن کا گھیراو کئے بیٹھے ہیں لیکن کیسکو حکام اور نوشکی انتظامیہ کو ان کے احتجاج سے کوئی دلچسپی نہیں۔ہم کیسکو چیف اور دیگر ذمہ داروں اور نوشکی انتظامیہ سے مطالبہ نہیں بلکہ اپنا حق مانگتے ہیں کہ نوشکی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور برابری کی بنیاد پر جلد از جلد بجلی کی فراہمی کو یقینی بناکر لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت نوشکی کے عوام اور زمینداروں کے پرامن جمہوری احتجاج کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کے ساتھ ہے۔ہم اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑینگے ۔
تازہ ترین