• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں قیامت خیز گرمی کے بعد آج بارش ہو سکتی ہے

’وایو‘ نامی سمندری طوفان شدت اختیار کرکے ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے،شہر میں صبح سویرے ہی گرمی کا زور ہے۔


بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان کے زیراثر شہرِ قائد میں شام تیزہواؤں اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سمندری طوفان کے باعث کراچی میں آئندہ 12 گھنٹوں میں مٹی کے طوفان کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، طوفان کے اثرات بدین، ٹھٹھہ اور تھرپارکر ڈسٹرکٹ میں آندھی اور بارش کی صورت ظاہر ہوں گے۔

کراچی میں قیامت خیز گرمی کے بعد آج بارش ہو سکتی ہے
تصویر: سہیل رفیق

کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری تک چھوئے گا، حبس کے باعث گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات بھارتی گجرات تک محدود رہیں گے، کراچی میں آج گرد کا طوفان اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق شہر میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد ہونے کی وجہ سے گرمی 47 سے 50 ڈگری جیسی محسوس کی جائے گی، گرمی نے شہریوں کو پہلے ہی بے حال کررکھا ہے۔

کراچی میں قیامت خیز گرمی کے بعد آج بارش ہو سکتی ہے
تصویر: سہیل رفیق

کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کی بھی شکایات موصول ہورہی ہیں ، شہری شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی پر بلبلا اٹھے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے، علاقائی فالٹس دور کرنے کے لیے عملہ کام میں مصروف ہے۔

ادھر سمندری طوفان ’وایو‘ آج شام تک بھارتی ساحل گجرات سے ٹکراسکتا ہے، بھارتی ساحلی علاقوں سے شہریوں کا انخلا جاری ہے، اسکول اور کالج بند ہیں ۔

تازہ ترین