• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی چیئرمین اور ایم ڈی نے اپنا ڈیلی الائونس کم کردیا

پی سی بی میں ٹرانسپرنسی لانے کے لئے چیئر مین اور بورڈ آف گورنرز کے بعد اب منیجنگ ڈائریکٹر کے سہ ماہی اخراجات کی تفصیلات پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کا اعلان کیاگیا  ہے۔

جبکہ وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ کی مراعات میں کمی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے اپنا ڈیلی الاونس کم کرکے 320کے بجائے دو سو ڈالرز کردیا ہے۔

وہ ورلڈ کپ کے لئے انگلینڈ میں بیس دن قیام کریں گے لیکن وسیم خان نے صرف نودن کا ڈیلی الاونس اس لئے لینے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ نو دن ان کی میٹنگز ہیں۔پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ وسیم خان کا گھر انگلینڈ میں ہے اس لئے وہ رہائش کے لئے کوئی پیسے نہیں لیں گے۔

وہ برطانیہ میں اپنی گاڑی استعمال کریں گے ۔وسیم خان نے6400ڈالرز کے بجائے 1800ڈالرز کا ڈیلی الاونس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی چیئر مین احسان مانی 21جون کو آئی سی سی کے مہمان کی حیثیت سے بر طانیہ جارہے ہیں۔

آئی سی سی نے احسان مانی کو سابق صدر کی حیثیت سے مدعو کیا ہے۔احسان مانی اس دوران پی سی بی سے کوئی ڈیلی الاونس نہیں لیں گے۔

جبکہ وسیم خان نے ورلڈ کپ کے دوران ڈیلی الاونس کم لینے کا فیصلہ کیا ہے احسان مانی نے مستقل طور اپنے غیر ملکی دورے میں ڈیلی الاونس چھ سو ڈالرز سے کم کرکے چار سو ڈالرزکردیا ہے۔

ماضی میں اگر چیئرمین اپنی رہائش استعمال کرتےتھے تو انہیں بارہ سو ڈالرز ملتے تھے۔لیکن احسان مانی نے اپنا ڈیلی الاونس د و سو ڈالرز مستقل بنیادوں پر کم کردیا ہے۔

تازہ ترین