• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پڑوسیوں سے پر امن تعلقات چاہتے ہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ روس اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے ساتھ توانائی اور تجارت کے شعبوں میں بھی تعاون کے خواہاں ہیں، پڑوسی ممالک سے پر امن تعلقات چاہتے ہیں اور نئی بھارتی حکومت سے پاک بھارت اختلافات بات چیت کے ذریعے حل ہونے کی امید رکھتے ہیں۔

روسی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پچاس، ساٹھ اور ستر کی دہائیوں کے برعکس ہمارے روس کے ساتھ تعلقات استوار ہوچکے ہیں اور ان میں اضافہ ہو رہا ہے، ہمارے تجارتی وفود روس جائیں گے اور روسی سرمایہ کاروں کو بھی ہم پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روسی اسٹیل کمپنی کی جانب سے ہماری اسٹیل مل میں سرمایہ کاری کی بھی امید ہے، روس بھی ان ستر ممالک میں شامل ہے جن کو ایئرپورٹ پر ہی ویزا حاصل کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت اختلافات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں، پاکستان وبھارت کا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، یہ مسئلہ دونوں ممالک کی حکومتیں چاہیں تو حل ہوسکتا ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت کی جانب سے اس سلسلے میں ابھی تک حوصلہ افزا جواب نہیں ملا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے کہ بھاری مینڈیٹ حاصل کرنے والے نئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بہتر تعلقات کے لیے کام کریں گے۔

تازہ ترین