• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر کیلئے سرکاری ضیافت میں مجھے مدعو نہ کرنا عجیب تھا،ساجدجاوید

لندن (پی اے) ہوم سیکرٹری ساجد جاوید نے کہا کہ ماہ رواں کے اوائل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ برطانیہ میں دی جانے والی سرکاری ضیافت میں ان کو مدعو نہ کرنا عجیب تھا۔ انوائرمنٹل سیکرٹری مائیکل گوو اور ڈیفنس سیکرٹری پینی مورڈینٹ سمیت متعدد منسٹرز نے ماہ رواں کے اوائل میں ہونے والی اس سرکاری ضیافت میں شرکت کی تھی۔ ساجد جاوید نے2017 میں ڈونلڈ ٹرمپ کو فار رائٹ گروپ کے ٹوئیٹ شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس سرکاری ضیافت سے اپنے باہر رکھے جانے کے حوالے سے ساجد جاوید نے کہا کہ میں اسے پسند نہیں کرتا، یہ بالکل انوکھا تھا۔ بی بی سی ریڈیو فور کے پروگرام ٹوڈے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے آفس نے نمبر 10سے اس کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا نو۔ ان سے پوچھا گیا کہ انہیں باہر رکھنے کی وجہ ان کا مسلم بیک گرائونڈ تو نہیں ہے، تو انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا۔ میں نہیں جانتا۔ ساجد جاوید نے کہا کہ مجھے نمبر 10نے یہ بتایا کہ عام طور پر دعوت نامہ ہوم سیکرٹریز کو نہیں بھیجا جاتا لیکن سابق ہوم سیکرٹری جیکی سمتھ، جو 2007میں یہ عہدہ سنبھالنے والی پہلی عورت تھیں، نے اپنے اس کردار میں سرکاری ضیافتوں میں شرکت کی تھی بی بی سی سیاسی نامہ نگار راس ہاکنز نے کہا کہ 2017 میں شاہ سپین کے اعزاز میں سرکاری ضیافت میں ہوم سیکرٹری امبر رڈ نے شرکت کی تھی۔ 2017میں ٹوئیٹر پر فار رائٹ گروپ برٹش فرسٹ کے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے شیئر کرنے کے بعد ان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ امریکی صدر نے منافرت سے بھری آرگنائزیشن کی توثیق کی، جو مجھ اور مجھ جیسے لوگوں سے شدید نفرت کرتی ہے۔ امریکی صدر کے اعزاز میں بکنگھم پیلس میں ہونے والی اس سرکاری ضیافت میں لیبر لیڈر جیرمی کوربن، کامنز سپیکر جان برکو، لب ڈیم لیڈر ونس کیبل اور ایس این پی ویسٹ منسٹر لیڈر ایان بلیک فورڈ نے دعوت نامے کے باوجود شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بعد ازاں جیرمی کوربن نے ٹرمپ کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں بھی شرکت کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا شاندار استقبال کرنا غلط تھا۔

تازہ ترین