• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں گرمی کے ساتھ بجلی کی بندش میں اضافہ

کراچی میں شدیدگرمی نے جہاں شہریوں کی مشکلات بڑھا رکھی ہیں وہیں کے الیکٹرک بھی سخت موسم کے ستائے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہاہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے ساتھ بجلی کی بندش کا دورانیہ بھی بڑھ گیا۔ دن میں سخت گرمی کے بعد رات میں بھی شہریوں کو بجلی فراہم نہیں کی جارہی۔

لیاقت آباد سی ون ایریا میں گزشتہ روز سے جبکہ کشمیر کالونی میں رات ساڑھے دس بجے سے بجلی بند ہے۔

فیڈرل بی ایریا اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکوں میں بھی بجلی بند ہے، بلدیہ ٹاؤن، ملیر رفاہ عام، ملیر ہالٹ اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری طرف کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈشیڈنگ کی وجہ گیس پریشر میں کمی کو قراردے دیا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث کچھ پلانٹس کی پیداواری صلاحیت متاثر ہے اور گیس پریشر میں کمی کے باعث لوڈ مینجمنٹ کی جارہی ہے۔

تازہ ترین