• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران انتقامی پالیسیوں سے ہٹ وکٹ ہوچکے، تماشائی جلد اسٹیڈیم سے باہر پھینک دینگے، نواز شریف

لاہور(ایجنسیاں) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں کوئی ولی ،پیر یا نجومی نہیں لیکن اتنا جانتا ہوں عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں ‘ عمران خان ایسا کھلاڑی ہے جسے تماشائی جلد اسٹیڈیم سے باہر پھینک دیں گے‘وہ انتقام اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہٹ وکٹ ہو چکے ہیں‘عمران خان کو بھارتی وزیر اعظم نے منہ نہیں لگایا،اس کا فون سنا نہ تقریب حلف برداری میں بلایا،ہم نے ایٹمی دھماکے کئے تو واجپائی خود چل کر آئے،سب کو پتہ ہے اس کے پاس چوری شدہ مینڈیٹ ہے ،امپائر کی انگلی والے کو شرم آنے چاہیے ‘ عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس چارجز موجود ہیں‘ ان کا جلد کڑا احتساب ہوگا۔جمعرات کو کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ عمران خان کا بنی گالہ کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے‘ وہ کھیل کے دوران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے۔عمران خان نااہلی چھپانے کے لیے سابق حکومت پر الزام لگارہے ہیں‘ ان کی نااہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔جب کوئی خود اندر جانے والا ہوتا ہے تو وہ پہلے دوسرے کو اندر بھیجتا ہے، موجودہ حکومت بلاوجہ بڑے سیاستدانوں کو جیل بھیج رہی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کے بہت سارے وزرا کرپشن میں ملوث ہیں‘ کوئی نہیں دیکھ رہا ‘جہانگیر ترین سمیت دیگر کرپٹ لوگ اس کی اپنی جماعت میں ہیں۔

تازہ ترین