• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کا حال بہت برا، کراچی بدترین شہر بن چکا، جسٹس گلزار

اسلام آباد(خبرایجنسی ) سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کراچی پاکستان کا بدترین شہر بن چکا ہے، کراچی میں ہونیوالی ترقی ختم ہورہی ہے، افسران پیسہ جمع کرنےمیں مصروف ، جرائم میں ملوث مفرور آزاد گھوم رہے ہیں،سندھ حکومت کا حال بہت برا ہے، صوبائی حکومت کے پاس کسی مسئلے کا حل نہیں ، آج ہمارے بچے گھر سے نکل بھی نہیں سکتے۔جمعرات کوسپریم کورٹ میں جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے امل عمر قتل کیس کی سماعت کی، امل کے والدین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے رپورٹ میں اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے، دنیا کے کئی ممالک میں پٹرولنگ پولیس کو مشین گنز جیسا اسلحہ نہیں دیا جاتا، رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے سندھ پولیس کو پٹرولنگ میں بھاری اسلحے کے استعمال سے روک دیا گیا۔جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس کا زیادہ پس منظر نہیں جانتے، غلطی ماننا تو ٹھیک لیکن کیا پولیس کو بھاری اسلحے کے استعمال سے روکنا ٹھیک ہو گا؟ کیا حالات کے مدنظر کراچی میں اسلحہ کے استعمال سے پولیس کو روکا جا سکتا ہے؟دوران سماعت سندھ حکومت کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے سامنے اہم ایشو پر اپنا موقف دینا چاہتا ہوں جس پر سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت کا حال تو بہت برا ہے، سندھ حکومت کے پاس تو کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا آپ بات مت کریں، جو ترقی کراچی میں ہوئی تھی اب ختم ہو رہی ہے، افسوس کے ساتھ کہہ رہا ہوں کراچی پاکستان کا بدترین شہر بن چکا ہے، پہلے ہم گھر سے دور جا کر کھیلتے تھے ، آج کراچی میں ہمارے بچے گھر سے نکل بھی نہیں سکتے، سڑک کے درمیان میں گاڑیوں کو لوٹا جا رہا ہے، کل کراچی میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی، بھرے بازار میں گاڑی روک کر 90 لاکھ روپے لوٹ لئے گئے۔

تازہ ترین