• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لے کر مثالی روایت قائم کی، حفیظ پاشا

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا نے کہا ہےکہ فوج نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لے کر مثالی روایت قائم کی ہے، سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ پارلیمنٹرین کئی لاکھ لوگوں کا نمائندہ ہوتا ہے اس لئے عام آدمی کی نسبت ان کے پروڈکشن آرڈر اہم ہوتے ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا نیا امتحان شروع ہوگیا ہے، حکومت بجٹ کا دفاع تو کررہی ہے مگر اپوزیشن کو یقین ہے کہ حکومت اپنے ہی طے کردہ اہداف کو حاصل نہیں کرسکے گی۔سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا نے کہا کہ بجٹ کا تعلق ملک کے معاشی حالات سے ہونا چاہئے تھا، رواں سال ریونیوز میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، صنعتی شعبہ کی پیداوار اور برآمدات میں کمی آئی ہے، حکومت محصولات کیلئے 5ہزار 555ارب کے بجائے 5ہزار کا ٹارگٹ رکھتی تو یہ کافی چیلنجنگ ہوتا، حکومت نے شرح سود اس قدر بڑھادی کہ سود کی ادائیگی میں 80فیصد اضافہ ہوگیا ہے، شرح سود کو مہنگائی سے منسلک کیا جاتا تو 12.25فیصد کے بجائے 10فیصد ہوتا جس سے تقریباً 700ارب کی بچت ہوتی۔حفیظ پاشا کا کہنا تھا کہ فوج نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لے کر مثالی روایت قائم کی ہے، اس کے برعکس سویلین اداروں کے اخراجات میں 33فیصد اضافہ کردیا گیا، حکومتی اخراجات میں 12سے 15فیصد تک اضافہ مناسب تھا، حکومت کو ایکسپورٹ سیکٹر کو دی گئی رعایتیں کچھ عرصہ برقرار رکھنی چاہئے تھیں، زیرو ریٹنگ ہٹا کر 17فیصد پر لے جانے سے ہمارا ایکسپورٹ سیکٹر متاثر ہوگا، بجٹ میں تزویراتی حکمت عملی نظر نہیں آئی، آئی ایم ایف کے اشارے پر ساڑھے پانچ ہزار ارب روپے محصول اکٹھا کرنے کیلئے ہر جگہ ٹیکس کا جال پھیلادیا گیا ہے جبکہ حکومتی خرچوں میں کوئی نمایاں کمی نہیں آئی۔

تازہ ترین