• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ججز ریفرنس، لاہور ہائیکورٹ بار کا ہڑتال کے معاملہ پر اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر

لاہور / کراچی (نمائندگان جنگ / اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس بھجوانے اور اس اقدام کے خلاف جمعہ کو (آج) ہونے والی ہڑتال کے معاملہ پر طلب کیا جانے والا لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کا فل ہاؤس اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہو کر کسی فیصلہ کے بغیر ختم ہو گیا۔اجلاس شروع ہونےسے قبل ہی وکلا نے حکومت کے حق اور مخالفت میں شدید نعرے بازی شروع کر دی ۔مختلف بارز نے ہڑتال سے انکار کردیا ہے جبکہ وکلاء ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس کا اجلاس حفیظ الرحمٰن چوہدری صدر کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کبیر احمد چوہدری نائب صدر اور فیاض احمد رانجھا سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ وکلاءکی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اجلاس(1)سید منظور گیلانی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ (2)خاقان میر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ (3)چوہدری محمد اشتیاق گوہر اینڈ اسد منیرایڈووکیٹس ہائیکورٹ (4)ظفر اقبال منگن ایڈووکیٹ ہائیکورٹ اور (5)بیرسٹر ظفر اللہ خان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی پیش کردہ قراردادوں پر غوروخوض کے لئے منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں عنصر جمیل گجر فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے والد محترم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔ فیاض احمد رانجھا سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہ ہے ۔ ہم نے جنرل ہاؤس کی رائے حاصل کرنے کیلئے پانچوں قرارداد آپ کے سامنے پیش کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا لہٰذا جنرل ہاؤس جو بھی فیصلہ کرے گا وہی قابل قبول ہو گا۔ فیاض احمد رانجھا سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے قراردادیں ہاؤس کے سامنے پیش کی جس پر ہاؤس بدنظمی کا شکار ہو گیا ۔ قراردادیں ہاؤس کے سامنے پیش نہ کی جا سکیں اور اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

تازہ ترین