• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن،غلطی کی گنجائش نہیں

ٹائونٹن(عبدالماجد بھٹی، نمائندہ خصوصی) ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ابتدائی چار میں دوسرا میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر ہے، اس کے بعد جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔ اس کارکردگی کے بعد گرین شرٹس کا میگا ایونٹ میں سفر مزید مشکل ہوگیا ہے ۔ سیمی فائنل کھیلنے کے لئے ٹیم کو اگلے پانچ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ پاکستان کے پاس غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہے۔ اتوار کو پاکستان کو ٹورنامنٹ کے سب اہم میچ میں روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرنا ہے۔ جبکہ جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کو شکست دے کر پاکستان آخری چار ٹیموں میں جگہ بناسکتا ہے۔ چار میچوں میں پاکستان نے واحد کامیابی فیورٹ انگلینڈ کے خلاف حاصل کی ہے جبکہ برسٹل میں سری لنکا کا میچ بارش کی نذر ہونے سے پاکستان کو ایک پوائنٹ ملا ہے۔ پاکستان کو پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز اور چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے 41رنز سے شکست دی۔ پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تودس ٹیموں کے اس ورلڈ کپ میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے۔ نیوزی لینڈ تین فتوحات اور بھارت سے واش آئوٹ کے بعد سات پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے آسٹریلیا نے چار میں سے تین میچ جیتے ہیں اس کا نمبر دوسرا بھارت دو کامیابیوں اور ایک واش آئوٹ کے بعد پانچ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
تازہ ترین