• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی سکھ کا پاکستان میں گردواروں کی تزئین کیلئے500 ملین پونڈ کا عطیہ

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ایک مخیر برٹش سکھ پیٹر وردی نے پاکستان میں گردواروں کی تزئین و آرائش کیلئے500 ملین پونڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی جانب سے پوری دنیا کے سکھوں کو اپنے مقدس ترین مقامات تک پہنچنے کیلئے کرتار پور راہداری کھولنے کے اعلان کے جواب میں کیا ہے، پیٹر وردی نے یہ اعلان گزشتہ روز پاکستان ٹورازم بورڈ کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور سکھ کمیونٹی کے معروف رہنمائوں کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، اس ایونٹ کا اہتمام مرکزی گوردوارہ (خالصہ جتھا) نے معروف تاجر پیٹر وردی کی حمایت سے کیا تھا، زلفی بخاری اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر سکھ تنظیموں کے نمائندے، ارکان پارلیمنٹ اور لیبر پارٹی سے منتخب ہونے والی پہلی خاتون سکھ رکن پارلیمنٹ پریت کور گل، خالد محبوب، لارڈ راجندر پال لوما، لارڈ رنبیر سنگھ سوری، کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والی لارڈ نینا کور گل، جو راولپنڈی میں پیدا ہوئی تھیں، یورپی امور خارجہ کمیٹی کے بااثر رکن دبندرجیت سنگھ، سکھ فیڈریشن کے پرنسپل ایڈوائزر اور برطانیہ میں سکھوں کے خدمت گار امریک سنگھ گل، سکھ فیڈریشن یوکے کے سربراہ ریٹائرڈ جسٹس انوپ سنگھ چوہدری، مندیپ سنگھ کاکڑ، معروف مخیر سکھ تاجر منویر سنگھ بھوگل، سکھ نیٹ ورک بورڈ کے رکن اور سکھ کونسل کے اسسٹنٹ خزانچی بابا چرن داس اور گرونانک جی کے بڑے بیٹے سے براہ راست رشتہ رکھنے والے سری چند بھی موجود تھے۔ پیٹر وردی نے مالی امداد کا یہ اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے گورونانک جی کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کرنے کا اعلان کیا۔
تازہ ترین