• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمندر میں طغیانی، کراچی کے کئی ساحلی گوٹھ زیرِ آب

بحیرۂ عرب میں بننے والے سمندری طوفان ’وائیو‘ کے اثرات شہر کراچی میں واضح نظر آنے لگے ہیں۔

سمندر میں طغیانی کے باعث کراچی کے کئی ساحلی گوٹھوں میں پانی آ گیا ہے، جبکہ جیٹیوں پر بھی دو دو فُٹ پانی جمع ہے۔

تیز طوفانی ہواؤں کے باعث کراچی کے ساحلی علاقوں ابراہیم حیدری، ریڑھی گوٹھ میں پانی آ گیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق لٹھ بستی، چشمہ گوٹھ، جت محلہ، سچ ڈنو محلے میں بھی سمندر کا پانی چڑھ آیا ہے۔

مقامی ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ جیٹیوں پر بھی دو فٹ پانی آ گیا ہے۔


ٹھٹھہ کے علاقے کیٹی بندراور اُس کے آس پاس کے جزائر بھی سمندری پانی میں ڈوب گئے ہیں، حجامڑو کریک کے گوٹھ، اسحاق دبلو، غلام دبلو اور دیگر گوٹھ بھی متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ بحیرۂ عرب میں بننے والے سمندر طوفان جسے بھارت میں ’وایو‘ کا نام دیا گیا ہے، اس کے اثرات پاکستان میں سندھ کے ساحلی علاقوں، بدین ، ٹھٹھہ کے ساتھ کراچی میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔

طوفان کے باعث کراچی میں بارش تو نہ ہوئی البتہ گزشتہ روز گرم ہوا کے چلتی رہی، گرمی کے اثرات رات بھر شہر پر طاری رہے جس کی وجہ سے شہری بے حال رہے۔

کراچی والوں کے لیے موسم آج بھی گرم ہی ہے، سورج خوب دھوپ برسارہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے شہر میں درجہ حرارت 42ڈگری تک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تازہ ترین