• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹاؤ نٹن میں آسڑیلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں سابق کپتان شعیب ملک صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہیں.


37سالہ شعیب ملک کے ون ڈے کیرئیر میں یہ 14واں موقع تھا،جب وہ کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل شعیب ملک پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ میگا ایونٹ کے بعد بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ سے کنارا کشی اختیار کر لیں گے،اور صرف پاکستان کے لئے ٹی 20کرکٹ کے لئے دستیاب ہونگے۔

شعیب ملک نومبر 2015ء میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے،اب بڑا سوال یہ ہے کہ آخری 15ون ڈے میچوں میں صرف ایک نصف سنچری بنانے والے سابق کپتان کیا 16جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں بھارت کے خلاف ایکشن میں ہونگے؟

اس سوال کے جواب میں کپتان سرفراز احمد کا بڑا بیان سامنے آگیا ہے،وہ کہتے ہیں کہ شعیب ملک کی فارم تشویش کا سبب ضرور ہے،البتہ تجربے کار کھلاڑی پر ابھی بھروسہ کیا جا سکتا ہے،اور کوچ کیساتھ انھیں بھی امید ہے کہ شعیب ملک اب بھی ٹیم کے لئے بڑی اننگز کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔

اس کاسیدھا مطلب ہے کہ شعیب ملک بھارت کے خلاف فائنل الیون میں شدید تنقید اور بناء پرفارمینس کھیلیں گے۔

شعیب ملک کے بھارت کے خلاف کھیلنے کی اہم وجہ ممکنہ طور پر ان کی کارکردگی بھی ہو سکتی ہے،انگلینڈ کی سرزمین پر کھیلے گئے 28ون ڈے میچوں میں13 اعشاریہ57کی اوسط سے محض 353رنز ایک نصف سنچری کی مدد سے بنانے والے سابق کپتان کا بھارت کے مقابلے پر ون ڈے کرکٹ میں ریکارڈ قدرے متاثر کن ہے۔

جہاں 41ون ڈے میں46 اعشاریہ41کی اوسط سے وہ 1782رنز گیارہ نصف سنچریوں اور چار سنچریوں کی مدد سے بنانے میں کامیاب رہے ہیں ۔

بھارت کے خلاف شعیب ملک نے آخری ون ڈے 23ستمبر 2018ءکو دبئی میں کھیلا تھا،ایشیا کپ کے اس مقابلے میں جہاں پاکستان کو 9وکٹ سے شکست اٹھانا پڑی تھی،وہاں شعیب ملک نے 90گیندوں پر 78رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

ون ڈے کرکٹ میں رنز بنانے کے اعتبار سے شعیب ملک پاکستان کے کامیاب بیٹس مین ہیں ،286ون ڈے کی 257اننگز میں سابق کپتان نے 34 اعشاریہ71کی اوسط سے 7534رنز 9سنچریوں اور 44نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے ہیں ۔

البتہ کیرئیر میں کئی تنازعات سے دوچار رہنے والے شعیب ملک اگر بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تو ممکن ہے،ان کے کیرئیر کا ون ڈے کرکٹ میں اولڈ ٹریفورڈ پر کھیلا جانے والا میچ آخری ون ڈے ثابت ہو۔

تازہ ترین