• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان ’وایو‘ کی رفتار سست، کراچی سے 410 کلو میٹر دور

سمندری طوفان ’وایو‘ اپنے آخری سفر پر رواں دواں ہے، سائیکلون کی رفتار میں انتہائی کمی آئی ہے لیکن اس کی شدت برقرار ہے۔


چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی کے جنوب سے 410 کلو میٹر دور ہے، تاہم کراچی میں سمندری ہوائیں آج بھی معطل ہیں اور شہر آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ شہر قائد میں آج ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے باعث درجۂ حرارت کی معمول سے زائد محسوس نہیں کی جائے گی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازنے بتایا کہ سائیکلون وایو کی رفتار میں انتہائی کمی آئی ہے لیکن اس کی شدت برقرار ہے، سمندری طوفان وایو کراچی کے جنوب سے 410 کلو میٹر دور ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائیکلون 4 سے 5 کلو میٹر کی رفتار سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، سائیکلون کا پاکستان کی کسی بھی ساحلی پٹی سے ٹکرانےکا کوئی امکان نہیں ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ آئندہ 2 دن کے دوران سائیکلون سمندری میں ہی موجود رہے گا، یہ طوفان سمندر میں ٹھہراؤ کے بعد وہیں ختم ہو جائے گا۔

ادھر بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’وائیو‘ کے باعث گجرات میں کل صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سائیکلون پور بندر سے 130 کلو میٹر دور ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گجرات میں اب بھی تیز بارشوں اور ہواؤں کا خطرہ موجود ہے، تاہم اس طوفان نے گجرات میں کوئی بڑی تباہی نہیں مچائی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وائیو طوفان کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت کچھ سمیت دیگر ساحلی اضلاع میں اسکول آج بھی بند ہیں۔

گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی کے مطابق طوفان کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد کی گھر واپسی کا فیصلہ کل تک کیا جائے گا۔

تازہ ترین