• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سربراہان کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کے لیے تنظیم کے رکن ممالک کو اقدامات کرنے چاہئیں۔

کرغزستان کی میزبانی میں ایس سی او سمٹ میں 8 رکن ممالک کے سربراہان حکومت و مملکت شریک ہیں، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سمٹ سے خطاب بھی کیا۔


عمران  خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ملکوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ایس سی او کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے اور خطے میں امان و امان کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 2 بجے ایس سی او اجلاس کے متفقہ اعلامیے پر دستخط کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ روس، چین، بھارت، کرغزستان، تاجکستان، قازقستان اور ازبکستان کے سربراہان شریک ہیں جب کہ اجلاس سے قبل سربراہان مملکت کا گروپ فوٹو سیشن بھی ہوا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے وفود کی سطح پر ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہوئی ملاقات میں سی پیک کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور پاک بھارت مذاکراتی عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین