• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سربراہان کونسل کا اجلاس ختم ہوگیا ،متفقہ اعلامیے پر دستخط ہوگئے۔

اجلاس کے اختتام پر تنظیم کے تمام رکن ممالک نے متفقہ اعلامیے پر دستخط کئے،وزیراعظم عمران خان نے سربراہان اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔


ایس سی او سمٹ 2019 کے اعلامیے میں 14 فیصلوں پر اتفاق کیا گیا،جس میں سے ایک یہ ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اگلا اجلاس روس میں ہوگا۔

ایس سی او سمٹ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان سے چینی صدر شی جن پنگ،روسی صدر ولادی میر پیوٹن،کرغزستان کے صدر سوروونبے شریپوویچ نے ملاقاتیں کی۔

اجلاس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی تنہا نظر آئے،انہیں کسی نے لفٹ نہ کرائی جبکہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اجلاس، ڈنر اور گروپ فوٹو کے دوران عمران خان سے گفتگو کرتے رہے۔

چینی صدر اور پاکستانی وزیراعظم کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ سی پیک حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے،اس موقع پر چینی صدر نے علاقائی استحکام کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تسلیم کیا۔

عمران خان اور شی جن پنگ نے پاکستان چائناکمیونٹی کی تعمیر کے لئے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا اور ساتھ ہی دونوں ممالک کی "تمام موسمیاتی اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری" کی توثیق کی۔

پاکستانی وزیراعظم اور کرغزستان کے صدر کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی،عمران خان نے وونبے شریپوویچ کو ایس سی او سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا،مختلف شعبہ جات میں تعلقات کو جامع انداز میں مزید بہتر بنانے پراتفاق کیا۔

عمران خان اور وونبے شریپوویچ نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور کرغزستان کےدرمیان زمینی اور فضائی روابط کو بہتر بنایا جائے۔

دونوں رہنماؤں نےمشترکا وزارتی کمیشن کا اجلاس اور دوطرفہ سیاسی مشاورت جلد کرنے اور دونوں ممالک میں عوامی سطح پر رابطوں کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستانی وزیراعظم اور کرغزستان کے صدر نے اتفاق کیاکہ سیاحت کو فروغ اور ویزوں کے اجراء میں سہولت دی جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کرغستان کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ خطے میں امان و امان کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ایس سی او کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے،وائٹ کلر کرائم کے خاتمے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کےرکن ممالک کواقدامات کرنے چاہیے۔

تازہ ترین