• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 19ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔

انگلشن کپتان ایون مارگن نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی جو 44اعشاریہ 4اوورز میں 212رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 213رنز کا ہدف 2وکٹ کے نقصان پر 33اعشاریہ 1اوورز میں حاصل کرلیا اور 8 وکٹ سے فتح اپنے نام کرلی۔

ہدف کے تعاقب میں جونی بیئراسٹو اور جوروٹ میدان میں اترے،جو روٹ عموماً نمبر3 پر کھیلتے ہیں لیکن آج وہ جیسن رائے کی انجری کے باعث اوپنر آئے۔

انگلش اوپنرز نے 95رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھ دی،بیئراسٹو 45رنز کی اننگز کھیل کر گبرئیل کا شکار بن گئے،انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 7چوکے لگائے۔

تیسرے نمبر پر کپتان ایون مارگن کی جگہ کرس ووکس کھیلنے کے لئے آئے،انہوں نے جو روٹ کے ساتھ مل کر 104رنز کی شراکت قائم کی،دونوں کھلاڑیوں نے کئی خوبصورت اسٹروک لگائے اور ٹیم کو یقینی فتح کے راستے پر ڈال دیا۔

199کے اسکور پر کرس ووکس 40رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، یہ وکٹ بھی گبرئیل کے حصے میں آئی،انگلش بیٹسمین نے اپنی اننگز کے دوران 4چوکے بھی لگائے۔

تیسری وکٹ پر بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر جوروٹ نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا،انہوں نےسنچری اسکور کی اور ناقابل شکست رہے ،انہوں نے بیٹنگ کے دوران 11 بار گیند کو بائونڈلائن کے پار پہنچایا۔

انگلش ٹیم کی فتح میں جو روٹ کی سنچری اور 2وکٹ کے ساتھ جوفرا آرچر اور مارک ووڈ کی 3،3 وکٹوں نے نمایاں کردار ادا کیا، جو روٹ کو آل رائونڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی طرف گبرئیل نے 2 انگلش کھلاڑیوں میدان بدر کیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف  میچ میں بڑے مارجن سے فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ2019ء کی پوائنٹ ٹیبل پر دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔

انگلش ٹیم نے ورلڈ کپ میں 4میچز کھیلے ہیں،جن میں سے 3میں کامیاب رہی جبکہ اسے پاکستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تازہ ترین