• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی طلبا فرانسیسی جامعات کا انتخاب کررہے ہیں،معین الحق

پاکستان اورفرانس کے اعلٰی تعلیمی شعبہ میں تعاون سے زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلباء اپنی ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کے حصول کیلئے فرانسیسی یونیورسٹیوں کا انتخاب کر رہے ہیں۔  

یہ بات مسٹر معین الحق سفیر پاکستان نے آج پیرس میں پانچ پاکستانی طالب علموں کے پی ایچ ڈی کے تھیسس جمع کرانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ تقریب کیمپس فرانس میں منعقد ہوئی۔ 

تقریب میں فرانس کیمپس کے اعلٰی حکام، فیکلیٹی اراکین، فرانسیسی سرکاری حکام، طالبعلموں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

 سفیر پاکستان نے پاکستانی طالبعلموں کو پی ایچ ڈی کی تعلیم کی  کامیابی سے تکمیل پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور فرانس کے اعلٰی تعلیم اور تحقیقاتی اداروں کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیمپس فرانس اور پاکستان کے اعلٰی تعلیمی کمیشن کے مابین حالیہ تعلیمی وفود کے تبادلوں کے باعث اعلٰی تعلیم کے میدان میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کیلئے ایک اچھی بنیاد رکھی گئی ہے۔ 

حکومت پاکستان اور فرانس کی جانب سے پیش کردہ خصوصی اسکالرشپ کی اسکیموں کے تحت اب تک 800 سے زائد پاکستانی طالبعلموں نے فرانس کی مختلف یونیورسٹیوں سے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ 

فرانس میں پاکستان کے اعلٰی تعلیمی کمیشن کے مساوی کیمپس فرانس کی بنیاد 2010 میں رکھی گئی تھی جس کا مقصد بیرون ممالک میں فرانسیسی اعلی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیتی نظام کو فروغ دینا ہے۔

تازہ ترین