• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی توجہ بجٹ منظور کروانے سے زیادہ پوائنٹ اسکورنگ پر ہے،تجزیہ کار

  کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ بجٹ منظور کروانے سے زیادہ پوائنٹ اسکورنگ پر ہے، وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ فریال تالپور کو گرفتار کر کے ان کا حوصلہ نہیں توڑا جاسکتا ہے، فریال تالپور کبھی گرفتار نہیں ہوئیں لیکن سیاست میں بہت سخت حالات دیکھے ہیں،نمائندہ خصوصی جیو نیوز عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ ا ٹارنی جنرل اجلاس سے واپس آئے تو کچھ پریشان نظر آئے،نمائندہ خصوصی جیو نیوز زاہد گشکوری نے کہا کہ حکومت وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کو ہٹانے کے معاملہ پر مشکل میں پڑسکتی ہے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ حکومت بجٹ اجلاس چلانے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے، بجٹ اجلاس سے پہلے دو تین گرفتاریوں سے ماحول کشیدہ ہوا، اپوزیشن بھی دھکم پیل کررہی اور بجٹ دستاویز پھاڑ کر وزیراعظم کی طرف پھینکتی رہی، اپوزیشن نے پارلیمانی روایات کے تحت اختلاف رائے نہیں کیا اور نہ ہی حکومت نے بطور حکومت رویہ اختیار کیا ہے، حکومت کی توجہ بجٹ منظور کروانے سے زیادہ پوائنٹ اسکورنگ پر ہے، اپوزیشن نے وزیراعظم سے بدتمیزی کی اب حکومتی وزراء اپوزیشن لیڈر کے ساتھ بھی اسی انداز میں گفتگو کررہے ہیں۔ حامد میر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے باہر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان تعاون نظر نہیں آرہا ہے، دونوں پارٹیاں مولانا فضل الرحمٰن کی طرف دیکھ رہی ہیں، پیپلز پارٹی احتجاج کا فیصلہ کرچکی ہے جبکہ ن لیگ میں احتجاج پر اختلاف پایا جاتا ہے، مولانا فضل الرحمٰن پی پی اور ن لیگ کے بغیر بھی کوئٹہ اور پشاور میں جلسہ کر کے اسلام آباد آنے کا فیصلہ کرچکے ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان عدم اعتماد نظر آرہا ہے، دونوں جماعتوں کو متحد مولانا فضل الرحمٰن ہی کرسکتے ہیں اسی لئے آج کل ان کی گرفتاری کی افواہیں بھی سامنے آرہی ہیں۔ وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ فریال تالپور کو گرفتار کر کے ان کا حوصلہ نہیں توڑا جاسکتا ہے، فریال تالپور کبھی گرفتار نہیں ہوئیں لیکن سیاست میں بہت سخت حالات دیکھے ہیں، ان کے والد، بھائی اور شوہر تینوں جیل میں رہے وہ اکیلی ان کے مقدمات لڑتی رہیں، فریال تالپور کو گرفتارکرنے کا مقصد آصف زرداری پر دباؤ ڈالنا ہے، آصف زرداری اور فریال تالپور ذہنی طور پر اس کیلئے تیار تھے، آصف زرداری اور فریال تالپور کو سیاسی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی عدالت میں ان کیخلاف مقدمات کا سامنا کرے گی، آصف زرداری اور فریال تالپور الزامات سے بری ہو کر باہر آئیں گے، جب حقائق سامنے آئیں گے تو نیب اور حکومت کو رسوائی ہوگی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس سے آصف زرداری اور فریال تالپور کا کوئی تعلق نہیں ہے، زرداری گروپ آف کمپنیز رجسٹرڈ کمپنی ہے ان کی ہر چیز ریکارڈڈ ہے، کوئی بیوقوف آدمی ہی جعلی اکاؤنٹس سے پیسے اپنے ایسے اکاؤنٹس میں منگوائے گا جس کی ہر ٹرانزیکشن کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔

تازہ ترین