پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے،وہ 2دن لاہور میں قیام کریں گے، 19 جون کو پشاور اور یکم سے 6 جولائی خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کا دورہ کرینگے ۔
بلاول بھٹوزرداری آج لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت بھی کریں گے۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی رات گئے لاہور پہنچے، وہ یہاں 2 دن قیام کریں گے، بلاول بھٹو آج 3 بجے صوبائی سیکریٹریٹ میں پیپلز پارٹی پنجاب کی صوبائی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
اس موقع پر ان کی میڈیا سے گفتگو بھی متوقع ہے، بلاول بھٹو نصیر آباد گلبرگ میں پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر اسلم گل کی رہائش گاہ پر بھی جائیں گے جہاں وہ اسلم گل سے ان کے بھائی کےانتقال پر اظہارِ تعزیت کریں گے، بلاول سینئررہنما چوہدری اعتزاز احسن کے گھر بھی جائیں گے۔
اس کے بعد بلاول 19 جون کو پشاور کا ایک روزہ جبکہ یکم سے 6 جولائی خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کا دورہ کرینگے، اپنے دورے میں بلاول پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کریں گے ۔
بلاول بھٹو زرداری عوامی رابطہ مہم کے لیے بنوں، ڈی آئی خان، ضلع کرم اور مہمند سمیت قبائلی اضلاع کا دورہ بھی کریں گے۔