• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان ڈار کا خواجہ آصف کے غیر ملکی اکاؤنٹس پکڑنے کا دعویٰ

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے لیگی رہنما اور سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کے غیر ملکی اکاؤنٹس پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈارکہتے ہیں کہ ان کے پاس خواجہ آصف کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں،یہ تمام ثبوت وہ وزیراعظم تحقیقاتی کمیشن کےسامنے پیش کریں گے۔

ذارئع کے مطابق خواجہ آصف کے غیر ملکی کمپنیوں سے رابطے اور کروڑوں روپے کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی چھان بین ہوگی جب کہ مبینہ منی لانڈرنگ کی تفصیلات انکوائری کمیشن میں پیش کی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر خارجہ کی اہلیہ اور بچوں کے غیر ملکی اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی کن ذرائع سے کی گئی اس حوالے سے بھی چھان بین ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری کی منظوری دی تھی۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 36 لاکھ 68 ہزار 671 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

عثمان ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے پراجیکٹ کی آڑ میں کرپشن کی، انہوں نے کِک بیک لی اورمنی لانڈرنگ کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے جو تحقیقات کرے گا کہ دس سال سالوں میں جو 20 ہزار ارب قرضہ لیا گیا وہ کہاں گیا؟ قرضہ 6 ہزارسے 30 ہزار ارب تک کیسے پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف جب بجلی کے وزیر تھے 480 ارب کا گردشی قرضہ ادا کیا لیکن جب یہ گئے تو 1300 ارب کا گردشی قرضہ چھوڑ گئے۔

تازہ ترین