• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ 15 روز میں مزید جھاڑو پھر سکتی ہے،شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ 15 روز میں مزید جھاڑو پھر سکتی ہے، بلاول کو سب سے پہلے اپنے باپ اور پھوپھی کے خلاف تحریک چلانی چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی ملک میں بیک وقت سابق صدر اور وزیر اعظم جیل نہیں گئے ، یہ ورلڈ ریکارڈ ہے۔

شخ رشید نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف کیسز عمران خان نے نہیں بنائے، آصف زرداری کے خلاف سیریس کیسز ہیں جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف گواہ موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں صدارتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں، شہبازشریف اور فریال تالپور کوڈھیل مل سکتی ہے مگر ڈیل نہیں ہوسکتی، جبکہ اس ملک میں کیچھ بھی ہوسکتا ہے مگر آصف زرداری اور نواز شریف اقتدار میں نہیں آسکتے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ 24 اگست کو اپنی کارکردگی رپورٹ دیں گے، اگر ریلوے میں خسارہ کم نہ دکھا سکاتو سیاست اور ریلوے چھوڑ دوں گا۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے میں 35 مسافر ٹرینوں کو چلانے کے بعد ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے کے لیے پرائیویٹ لوگوں نے رابطہ کیا ہے جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ایک ماہ میں ایکٹیو ہو جائے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ فریٹ ٹرین کے کرایہ میں 10 فیصد اضافہ کیا ہے، جبکہ پسنجر اور فریٹ کا آخری ٹینڈر کرنے جا رہے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں پسنجر ٹرین سے فائدہ ہوا ہے، ہم نے اپنا ٹارگٹ پورا کر لیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 20 دن کا پیڑول اسٹاک ہوتا ہے، ہم نے تمام گاڑیوں پر ٹریکڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ کال سینٹر والوں کو ٹرین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پہلے بھی شہباز شریف نے نواز شریف کو نکلوایا تھا، ہم نے کہا تھا کہ گندے انڈوں کو بحری جہاز میں ڈالو مگر عمران خان نہیں مانے۔

انہوں نے بتایا کہ 30جون کو عمران خان سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جو پنڈی سے فیصل آباد ہوتی ہوئی کراچی جائے گی۔

تازہ ترین