• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ کے لئے بھارتی کرکٹ ٹیم نے ہفتے کو پریکٹس شروع کردی ہے،پاکستانی ٹیم دوپہر کو پریکٹس کے لئے آئے گی۔


میچ سے ایک دن پہلے بارش نہیں ہے ابرآلود موسم ہے اور ہلکی دھوپ بھی نکل آئیہے۔گراؤنڈاسٹاف پچ کی تیاری میں مصروف ہے،پچ سے گھاس صاف ہےاور بظاہر پچ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے۔

بھارتی بیٹسمین گراؤنڈ کے باہر پریکٹس ایریا میں پریکٹس کررہے ہیں جبکہ بولرز مین پچ کے ساتھ ایک اور پچ پر پریکٹس میں مصروف ہیں۔

بھارتی میڈیا کی بہت بڑی تعداد پریکٹس کور کرنے کے لئے گراؤنڈ میں موجود ہے۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے پریس کانفرنس پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ بھارت کے خلاف میچ میں دو اسپنرز عما د وسیم اور شاداب خان کو کھلانے پر غور کررہی ہے تاکہ پانچ ریگولر بولروں کے ساتھ میچ کھیلا جائے۔عامر،حسن علی اور وہاب ریاض کے ساتھ دواسپنرز کھیلیں گے۔

شاداب خان ،شاہین شاہ آفریدی جبکہ عماد وسیم ،آصف علی کی جگہ کھیلیں گے۔شعیب ملک کی خراب فارم پر سب کو تشویش لاحق ہے لیکن انہیں ایک اور لائف لائن دی جاسکتی ہے۔

پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف چار ریگولر اور ایک نان ریگولر بولر کو کھلانے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔سابق کپتان شعیب ملک کو انگلینڈ میں خراب ریکارڈ کے باوجود ورلڈکپ کے لئے پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا۔

شعیب ملک ابھی تک ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی سے انصاف نہیں کرسکے ہیں۔ایسے وقت میں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنانے والے حارث سہیل باہر بیٹھے ہیں شعیب ملک کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین