• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 20ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو جیت کےلئے 335رنز کا ہدف دے دیا۔

اوول کے گرائونڈ پر کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔


آسٹریلیا نے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹ پر 334رنز بنائے،اننگز کی خاص بات ورلڈ کپ 2019ء میں کپتان ایرون فنچ کی لگاتار دوسری سنچری رہی۔

اسٹیو اسمتھ73 اور میکس ویل46 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے، سری لنکا کو میچ میں پہلی کامیابی 17ویں اوور میں 80کے اسکور پر ملی۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر کو 26کے انفرادی اسکور پر اسپنر ڈی سلوا نے کلین بولڈ کر دیا،تیسرے نمبر پر آنے والے عثمان خواجہ صرف 10رنز بناکر 100کے اسکور پر ڈی سلوا کی گیند پر وڈانا کو کیچ دے بیٹھے۔

سری لنکن بولرز نے ابتدائی 30اوورز میں اچھی بولنگ کی،جس کے باعث آسٹریلیا نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔

تاہم ایرون فنچ اور اسٹیو اسمتھ نے تیسری وکٹ پر 173 رنز کی شراکت قائم،اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے کئی دلکش اور بلند و بالا شارٹس کھیلے۔

ایرون فنچ نے پہلے سنچری اور پھر ڈیرھ سو رنز پورے کئے، دوسری طرف اسٹیواسمتھ نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اسکور 273 تک پہنچادیا،دونوں بیٹسمینوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی۔

ایرون فنچ 273کے مجموعے پر 153رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے،انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 15چوکے اور 5چھکے لگائے،ان کی وکٹ اوڈانا کے حصے میں آئی، وہ اس سے قبل پاکستان کے خلاف میچ میں سنچری کرچکے تھے۔

کپتان کے آئوٹ ہوتے ہی 274کے اسکور پر اسٹیواسمتھ بھی آئوٹ ہوگئے،انہیں مالینگا نے بولڈ کیا،73رنز کی اننگز کے دوران انہوں نے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

آخری 8اوورز میں بڑی پارٹنر شپ قائم کرنے والے فنچ اور اسمتھ سمیت 5 کھلاڑی آئوٹ ہوئے،جس کے باعث ٹیم آسٹریلیا 334رنز تک محدود ہوگئی۔

آسٹریلیا کی طرف سے آخری اوورز میں میکس ویل نے عمدہ بیٹنگ کی، وہ 5چوکوں اور 1چھکے کی بدولت 25گیندوں پر 46رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کے شون مارش 3بنا کر اوڈانا،ایلکس کارے 4اور پاٹ کومنس صفرپر رن آئوٹ ہوئے، سری لنکا کی طرف سے اوڈانا اور ڈی سلوا نے 2،2 جبکہ مالینگا نے 1وکٹ اپنے نام کی۔

آسٹریلیا نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 4میچز کھیلے ہیں،وہ 3میں فاتح رہا ہے جبکہ اسے ایک میں شکست ہوئی،پوائنٹس ٹیبل پر وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔

سری لنکا نے بھی 4میچز کھیلے ہیں، جن میں سے ایک جیتا،ایک ہارا اور بدقسمتی سے اس کے 2میچز بارش کی نذر ہوئے،پوائنٹس ٹیبل پر لنکن ٹیم 4پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہے۔

تازہ ترین