• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ پریشر کا میچ ہوتا ہے، ان کے زمانے میں دونوں ٹیموں میں تگڑامقابلہ ہوتا تھا لیکن اب پاکستان ٹیم پہلے جیسی نہیں اور اس میں زیادہ تر پلیئرز کم تجربہ کار اور نوجوان ہیں۔

مانچسٹر نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو بھارت سے میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 انہوں نے بابر اعظم کی تعریف کی اور کہا کہ بابر بہترین بیٹسمین ہے اور انہیں کھیلتا دیکھ وہ بہت انجوائے کرتے ہیں، پاکستان کے اوپنر بھی اچھے ہیں لیکن جیت کیلئے اہم کردار محمد عامر اور دیگر فاسٹ بولرز کا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ٹیم بھارت کیخلاف ابتدائی دس ، پندرہ اوورز میں تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تو پھر بھارتی ٹیم کم اسکور پر محدود ہوسکتی ہے اور ایسے میں پاکستان جیت سکتا ہے۔

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کا مقابلہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ ہے، اس ٹورنامنٹ کا مزہ ہی پاک، بھارت میچ میں ہے اور اگر بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہوا تو سب کا مزہ خراب ہوجائے گا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے بڑا مقابلہ نہ کوئی ہوا اور نہ کوئی ہوگا۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں فیورٹ انگلینڈ کو ہرایا اس لئے بھارتی ٹیم پاکستان کو آسان لینے کی غلطی کبھی نہیں کرے گی۔ ورلڈ کپ میں چھ ۔ صفر کی برتری سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جو ماضی میں تھا اس سے آج کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس موقع ہے کہ کل وہ بھارت کیخلاف ورلڈ کپ میں اپنا رکارڈ بہتر کرلے، اس کے ساتھ پاکستان کے پاس ورلڈکپ میں رہنے کا بھی موقع ہے کیوں کہ اس میچ میں ہار کی صورت میں پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ بڑھ جائے گا جو دنیائےکرکٹ کیلئے کافی افسوس کی بات ہوگی۔

تازہ ترین