کرسٹیانا گیرلی کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت اٹلی نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال میں جمیکا کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی۔
دیگر میچوں میں ہالینڈ نے کیمرون کو 3-1 اور انگلینڈ نے ارجنٹائن کو 1-0 سے زیر کیا۔ فرانس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے گروپ سی کے میچ میں اٹلی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اٹلی نے پہلے ہاف میں تین گول کئے اور تینوں گول کرسٹیانا نے کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ دوسرے ہاف میں بھی اٹلی نے دبائو برقرار رکھا اور اورورا نے مسلسل دو گول کرکے ٹیم کو پانچ گول سے کامیابی دلوادی جمیکا ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔
اس گروپ میں اٹلی کی ٹیم دو میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ دوسرے میچ میں ویویانے مائیڈیما کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہالینڈ نے کیمرون کو 3-1 کی شکست دیدی۔
ویویانے، نے دو گول کئے۔ انگلینڈ نے ارجنٹائن کو 1-0 سے زیر کیا۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف کے 61 ویں منٹ میں میچ کا فیصلہ کن گول جوڈائی ٹیلر نے کیا۔