• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو ہرانے کیلئے پرعزم نوجوان کھلاڑی مشکل چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار، مکی آرتھر

مانچسٹر(عبدالماجدبھٹی،نمائندہ خصوصی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ بھارت کو ہرانے کے لئے پرعزم ہیں،نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم اس مشکل چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہے۔پاکستان ٹیم نےورلڈ کپ میں اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، جس دن پاکستان نے بہترین کرکٹ کھیل لی اس دن یہ ٹیم کسی بھی حریف کو شکست دے سکتی ہے۔نظم و ضبط سے کھیل کر نا قابل شکست بن سکتے ہیں۔ہر انٹر نیشنل میچ کا دبائو ہوتا ہے لیکن بھارت کے میچ کے لئے پوری ٹیم پرجوش ہے۔ہفتے کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ گو کہ اس میچ میں بھی دیگر میچز کی طرح دو پوائنٹس ہی ملنے ہیں لیکن اگر کوئی پلیئر اس میچ میں پرفارم کرگیا تو اس کی کارکردگی کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔مکی آرتھر نے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کو دو سال ہوچکے ہیں، کل کے میچ میں بھارت کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ دنیا کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہے اور یہ کرکٹ کا سب سے بڑا میچ ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی اہمیت اتنی ہے جتنی کسی اور میچ کی لیکن اس میچ کی کارکردگی پلیئرز کے کیرئیر کو بیان کرسکتی ہے۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے فیلڈنگ کو بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ بیٹنگ اور بولنگ میں آپ کی کارکردگی کا انحصار آپ کے حریف کی کارکردگی پر بھی ہوتا ہے لیکن فیلڈنگ ایسا شعبہ ہے جس کی پوری کارکردگی آپ کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کل 16 جون کو بھارت کےخلاف مکمل توجہ کے ساتھ فیلڈنگ کرنا ہوگی، انہیں ذاتی طور پر ان پریڈیکٹ ایبل کا ٹیگ اچھا نہیں لگتا لیکن یہی ٹیگ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دلچسپ بھی بناتا ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ مانچسٹر کی پچ ٹاونٹن سے مختلف ہیں۔آسٹریلیا کا میچ گھاس والی پچ پر ہوا تھا یہاں پچ مختلف ہے لیکن میچ سے قبل کنڈیشن دیکھ کر ٹیم کھلانے کا فیصلہ کریں گے۔بھارت کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ آرڈر کو نقصان پہنچانا ہے۔

تازہ ترین