• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک دیوالیہ ہونے سے بچالیا، معیشت مستحکم ہوگئی کٹھن راستہ طے کرلیا، تحقیقاتی کمیشن جلد قائم ہوگا، اقامہ رکھنے والوں کا بھی حساب کرے گا، عمران خان

اسلام آباد (خبرایجنسی) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ،معیشت مستحکم ہوگئی، کٹھن راستہ طے کرلیا، تحقیقاتی کمیشن جلد قائم ہوگا، اقامہ رکھنے والوں کا بھی حساب کریگا،اب معیشت ٹیک آف کریگی، گرفتار ہونے والے این آر او کی تلاش میں ہیں مگر کسی صورت این آراو نہیں دونگا ،کرنٹ اکائونٹ خسارے میں 30فیصد کمی آئی،عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر لانا پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے،اپوزیشن کے ہر حملے کا ہرطریقے سے جواب دینے کیلئے تمام ترجمان اور پارٹی رہنما پارلیمنٹ کے اندر و باہر اور میڈیا پر جارحانہ حکمت عملی اختیار کریں ۔ ہفتے کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں سینئر پارٹی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں جہانگیرترین، نعیم الحق، حفیظ شیخ ، چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی ،فردوس عاشق اعوان اعجاز چوہدری سمیت پارٹی رہنماشریک ہوئے ۔اجلاس میں وفاقی و صوبائی بجٹ کے بعدصورتحال اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ملکی سیاسی صورتحال میں پارٹی کا بیانیہ کیا ہونا ہوگا، وزیر اعظم نے پارٹی رہنماوں کوآگاہ کردیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کے تحقیقاتی کمیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بجٹ اور حکومتی اہداف سے متعلق آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق چیئر مین ایف بی آرشبر زیدی نے ٹیکس اصلاحات اور اہداف سے متعلق اقدامات پر بریف کیا۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے اجلاس میں زراعت پالیسی سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہاکہ تحقیقاتی کمیشن کا مقصد24 ہزار ارب قرضوں کا حساب ہے،تحقیقاتی کمیشن جلد قائم کیا جائیگا، تحقیقاتی کمیشن اقامہ رکھنے والوں کا حساب بھی کرے گا، پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے، اب وقت ہے معیشت ٹیک آف کریگی،کٹھن راستہ طے کرلیا،ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا،پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سود دے رہے ہیں، 30فیصد کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں کمی آئی، ملک کے 4ہزار ریونیو میں سے 2ہزار قرض میں جاتا ہے ،ذرائع کے مطابق جلاس میں احساس اور غربت خاتمہ پروگرام پر بھی بات کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ احساس پروگرام کا بجٹ 100 ارب سے بڑھا کر 191 ارب تک لے گئے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ عوام کو غربت کی لکیر سے اوپر لانا پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن گرفتاریوں پر بھی بات چیت کی گئی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بجٹ کے بعد کی صورتحال اور اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی طے کی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ گرفتار ہونے والے این آر او کی تلاش میں ہیں، تمام ترجمان اور پارٹی رہنما پارلیمنٹ کے اندر و باہر اور میڈیا پر جارحانہ حکمت عملی اختیار کریں اور کہ اپوزیشن کے ہر حملے کا ہرطریقے سے جواب دیں۔

تازہ ترین