• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں ڈاکٹروں کی ہڑتال ملک بھر میں پھیل گئی،مریض بے حال

نئی دہلی (جنگ نیوز )مغربی بنگال میں ڈاکٹروں کی ہڑتال اب ملک بھر میں پھیل گئی ہے اورکلکتہ کے بعد اب دلی کے سبھی سرکاری ڈاکٹروں اور ریزیڈینٹ ڈاکٹروں نے ہڑتال شروع کر دی ہے۔دلی کے علاوہ ممبئی، بنگلور، چندی گڑھ، بھوپال، اڑیسہ اور چنئی میں بھی ڈاکٹروں نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔یہ ڈاکٹر کلکتہ میں ڈاکٹروں پر ایک مریض کے خاندان کی جانب سے ہونے والے حملے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔دلی کے سرکاری ہسپتالوں میں صرف ایمرجنسی وارڈز کھلے ہیں۔دلی میں واقع انڈیا کا سب سے بڑا اور سب سے نامور ہسپتال آل انڈیا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ یعنی ایمز کے علاوہ صفدر جنگ سمیت تقریباً سبھی ہسپتالوں میں ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں۔ڈاکٹروں کے ہڑتال پر جانے کے بعد یہاں مریضوں کا حال برا ہے۔بھارت میں بہتر اور سستے علاج کے لیے لوگ ایمز اور دیگر سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ایمز کے ریزیڈینٹ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر راجیو رنجن نے میڈیا کو بتایا کہ منگل کو پہلے دلی کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں نے کولکاتہ کے واقع کے بعد خاموش احتجاج کیا تھا لیکن اب ڈاکٹروں نے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔اطلاعات کےمطابق وزیر اعلی ممتا بینرجی نے ڈاکٹروں سے بات چیت کی پیش کش کی ہے لیکن ڈاکٹروں نے ان سے بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
تازہ ترین