• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


آئی سی سی ورلڈ کپ میں ایک جانب جہاں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ میچ اولڈ ٹریفورڈ کے اندر جاری ہے ، دونوں ملکوں کے تماشائیوں کی جانب سے اپنی اپنی ٹیموں کے حق میں فلک شگاف نعروں نے ماحول ایسا کردیا جیسے میچ برطانیہ میں نہیں بلکہ لاہور، کراچی ، دلی یا ممبئ میں ہورہا ہو ۔

اتوار کو صبح سے ہی پاکستانی اور بھارتی فینز مانچسٹر کی سڑکوں پر ، اپنی ٹیم کی شرٹس پہنے نظر آئے، مختلف ٹولیوں کی شکل میں پھرنے والے فینز ایک دوسرے گروپس کو دیکھ کر خوب نعرے بازی کرتے اور ماحول کو گرماتے رہے۔

صبح میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فینز اس ہوٹل کے باہر جمع ہوگئے تھے جہاں قومی ٹیم مقیم ہے ، ان فینز نے ٹیم کو پاکستان زندہ بادد اور دل دل پاکستان کے نعروں کے ساتھ اسٹیڈیم رخصت کیا ۔

اسٹیڈیم کے باہر بھی لہوگرمانے والا ماحول تھا، دونوں ٹیموں کے فینز کا ایک سمندر اسٹیڈیم کے باہر جمع رہا۔

امجد نامی ایک پاکستانی فین نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ایسا ماحول بناکر دیں کہ جیسے وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہے ہوں، فاطمہ نامی ایک فین نے کہا کہ وہ لندن سے آئیں ہیں اور پر امید ہیں کہ پاکستانی ٹیم آج اچھا پرفارم کرے گی۔

مدیحہ کا کہنا تھا کہ وہ خاص ورلڈ کپ کیلئے امریکا سے انگلینڈ آئی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کرے۔

مانچسٹر میں میچ سے قبل پاکستانی فینز نے ڈبل ڈیکر بس سجاکر شہر کاچکر لگایا اور پاکستان ٹیم کی سپورٹ میں نعرے بلند کرتے رہے، ایک فین سفید گھوڑے پر سوار ہوکر پاکستان کا پرچم لئے اسٹیڈیم پہنچ گیا۔

اس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خاص میچ میں کچھ خاص کرنا ان کا مقصد تھا، دوسری جانب انڈین ٹیم کے سپورٹرز بھی بھرپور انداز میں اپنی ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

پاکستانی فینز کے ساتھ مل کر رقص بھی کرتے رہے، اسٹیڈیم کے باہر پاکستان کے چاچا کرکٹ توجہ کا مرکز بنے رہے ۔

تازہ ترین