• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پی ٹی آئی، آئی ایم ایف بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے‘

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام دشمن بجٹ کو پارلیمنٹ سے منظور ہونے نہیں دیں گے، حکومت کی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطہ کریں گے۔

لاہور میں اعتزاز احسن کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت جاتی ہے تو جائے پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کا عوام دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کا اگلا بجٹ پیپلزپارٹی بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے بھی موقع دیا، اب بھی دے رہا ہوں، بجٹ کی منظوری کو پارلیمنٹ میں الیکشن کی طرح لیں گے،اس مقصد کےلئے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ماضی کے تعلقات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ دونوں الگ الگ جماعتیں ہیں، مریم نواز سے ملاقات اچھی رہی۔

بلاول بھٹونے کہا کہ مریم نواز ان کے ساتھ سچائی سے چلیں گی، ان کے والد نے جمہوریت کے لیے قربانی دی ہے، امید ہے وہ انہیں مایوس نہیں کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ الزام تراشی کی سیاست چلتی رہے گی مگر اختلاف ذاتی نہ ہو، نظریاتی ہو، 21جون کو بی بی کی سالگرہ ہے، اس دن نوابشاہ میں پیپلز پارٹی کا جلسہ ہوگا،وہیں سے حکومت کے خلاف تحریک شروع ہوگی۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ عوام سے رابطہ کریں گے، گھر گھر جائیں گے، سڑکوں پر نکلیں گے،مولانا فضل الرحمٰن سے اپوزیشن کی اے پی سی پر بات کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے ملاقات میں بجٹ کسی صورت پاس نہ ہونے دینے پر بات ہوئی، میں نے مریم نے اور دیگر نوجوان قیادت نے لمبی سیاسی اننگز کھیلنی ہے۔

تازہ ترین