• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب ملک کاون ڈےانٹرنیشنل کیریئرختم ہوگیا؟

مانچسٹر (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) سابق کپتان شعیب ملک کا ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر ممکنہ طور پر ختم ہوگیا ہے۔ خراب کارکردگی کے بعد ٹیم انتظامیہ شایدانہیں ٹورنامنٹ کے بقیہ چار میچوں میں موقع نہ دے۔ ملک نے پاکستان کے لئے بیس سال کرکٹ کھیلی۔ شعیب ملک اور کرس گیل اس وقت ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنا کیریئر1990کی دہائی میں شروع کیا تھا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے سینئر بیٹسمین شعیب ملک ورلڈ کپ کو اپنی کارکردگی سے یادگار نہ بناسکے۔ وہ بھارت کے خلاف پہلے ہی گیند پر بولڈ ہوکرحسرت بھری نگاہوں سے وکٹ کو دیکھتے ہوئے ڈریسنگ روم گئے ۔ ان کی بدترین کارکردگی کو دیکھنے کے لئے ثانیہ مرزا بھی اسٹیڈیم میں موجود تھیں ۔پہلے آسٹریلیا اورروایتی حریف بھارت کے خلاف گولڈن ڈک پر آئوٹ ہونے کے بعد بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ شعیب ملک کا کیریئر ختم ہوگیا ہے۔ شعیب ملک نے ورلڈ کپ کے بعدریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہوا ہے ۔ آسٹریلیا کے خلاف دو گیندوں میں صفر پر آئوٹ ہوئے جبکہ بھارت کے خلاف وہ پہلی گیند پرپانڈیا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ شعیب ملک کی باڈی لینگویج بتارہی تھی کہ وہ اس بڑے ایونٹ کے لئے فٹ نہیں ہیں۔ پاکستانی ڈریسنگ روم میں حارث سہیل بیٹھے ہوئے ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف دو سنچریاں بناکر الیون کا حصہ نہیں ہیں۔ شعیب ملک نے انگلینڈ میں صرف13کی بیٹنگ اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ انگلینڈ میں جن بیٹسمینوں نے بیس سے زیادہ اننگز کھیلی ہیں ان میں شعیب ملک سے بدترین بیٹنگ ریکارڈ اور خراب اوسط جیمز اینڈرسن10.15، ڈیرن گف11.95 اور گریم سوان 12.83 ہیں تینوں نان ریگولر بیٹسمین ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ سے قبل شعیب ملک کا کہنا تھاکہ اس میچ کو بھی عام میچوں کی طرح لوں گا، بھارت کو ہرائیں گےکسی دبائو میں نہیں ہوں ۔ 37سالہ شعیب ملک پاکستان کی جانب سے287ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔

تازہ ترین