• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

تماشائیوں کا جوش،میچ سے چار گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچے

مانچسٹر (نمائندہ خصوصی) اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے لئے تماشائیوں کا جوش و جنون عروج پر تھا۔ بارش کے خدشات کے باوجود تماشائی میچ شروع ہونے سے چار گھنٹے پہلے اسٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔

تماشائی روایتی تیاری کے ساتھ آئے۔ تاہم25 ہزار تماشائیوں والے گرائونڈ میں بھارتیوں کی اکثریت زیادہ تھی۔ مانچسٹر میں ہوٹل بھر چکے تھے اور جو ہوٹل دستیاب تھے وہ منہ مانگی قیمت وصول کررہے تھے اس لئے سینکڑوں لوگوں نے رات اپنی گاڑیوں میں گذاری اور کئی لوگ شہر کے قریب اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے پاس ٹھہرے۔


کئی لوگوں نے بے چینی میں رات جاگ کر گذاری۔ منتظمین نے بہت اچھے انتظامات کئے ہوئے تھے۔پولیس والے کہیں کہیں نظر آرہے تھے۔ نہ کہیں ٹریفک جام نظر آیا اور نہ کوئی لڑائی جھگڑا، ہر کوئی اپنی ٹیم کو سپورٹ کررہا تھا۔ دونوں ٹیموں کی آمد کے ساتھ ہی ہلکی بارش شروع ہوگئی لیکن جلد ہی ختم ہوگئی۔

گرائونڈ اسٹاف نے اس شو پیس میچ کے لئے رات بھر فلڈ لائٹس جلا کر آئوٹ فیلڈ کو خشک اور گرائونڈ کو کھیل کے قابل بنایا۔ اسی جوش میں ایک کرکٹ کا متوالا سبز ہلالی پرچم لہراتے اور مانچسٹر کی فضا میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتا ہوا اگھوڑے پر بیٹھا اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پہنچا ہے۔ میچ سے قبل جیوے جیوے پاکستان، جان جان پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند کرتے رہے ۔

پاکستانی تماشائی سبز پرچم والی شرٹس میں ملبوس دکھائی دیئے۔ہر جانب دونوں ملکوں کے پرچموں کی بہار تھی۔

تازہ ترین