• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماسکو (جنگ نیوز )ماسکو اور ہانگ کانگ میں ایک بار پھر بڑے مظاہرے کیے گئے ہیں ،تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ میں ہزاروں مظاہرین نے ملزمان کی چین حوالگی کا مجوزہ قانون واپس لیے جانے کے باوجود حکمران کیری لیم کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق اتوار کو وسطی ہانگ کانگ میں ہزاروں افراد سیاہ لباس زیب تن کیے سڑکوں پر نکل آئے اور چیف ایگزیکٹو کیری لیم کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔ جلوس میں نوجوان، بچے اور بوڑھے بھی شامل تھے۔


چین کے نیم خودمختار علاقے ہانگ کانگ کی حکومت نے احتجاج کے پیش نظر ملزمان کی چین حوالگی کے اس متنازع بِل کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا جس کے خلاف ہانگ کانگ میں ایک ہفتے سے پرتشدد مظاہرے جاری تھے۔ مجوزہ قانون کے تحت ہانگ کانگ میں جرائم کے ارتکاب کرنے والے افراد کے مقدمات چین میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم ہانگ کانگ کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس کی مخالفت کی تھی۔دوسری جانب روسی دارالحکومت ماسکو میں اتوار کے دن ایک بڑی احتجاجی ریلی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اس مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس ریلی میں پولیس کے جابرانہ رویے کے خلاف اور آزاد میڈیا کے حق میں آواز بلند کی جائے گی۔ روسی پولیس کی طرف سے تحقیقاتی جرنلسٹ ایوان گولنوف کے خلاف ناجائز ایکشن اس احتجاج کا سبب بنا ہے۔

تازہ ترین