• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو مشورہ دیا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کریں‘ جارحانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے سرفراز کوریلوکٹوں کی بجائے ا سپیشلسٹ بلے بازوں اور بائولروں پر انحصار کرتے ہوئے میچ میں جانا چاہیے کیونکہ ریلو کٹے دبائو میں کم ہی کارکردگی دکھاتے ہیں‘معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کی محنت قومی پرچم کو سر بلند کرے گی‘ قومی ٹیم اپنی پیشہ وارانہ لگن اور ٹیم ورک سے انشاء اللہ کامیاب ہوگی۔کامیابی کیلئے پوراپاکستان دعاگو ہے ‘ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے قومی ٹیم کو نیچرل گیم کھیلنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کوکم سے کم اسکور پر روکا جائے جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امورنعیم الحق کا کہناہے کہ سرفراز احمد نے عمران خان کی بات نہ مان کر بڑی غلطی کردی۔ اتوار کوعمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگرچہ بھارتی ٹیم فیورٹ ہو سکتی ہے تاہم ہار کے خوف سے نکل کر کھیلنا ہوگا ، اپنی طرف سے اچھا کریں اور آخری بال تک لڑیں پھر ایک سچے اسپورٹس مین کی طرح نتیجہ قبول کریں،قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔عمران خان کا کہناتھاکہ شکست کا خوف منفی اور دفاعی حکمت عملی کا سبب بنتا ہے اور اس صورتحال میں مخالف ٹیم کی غلطیوں سے استفادہ نہیں کیا جا سکتا، دونوں ٹیمیں شدید ذہنی دبائو میں میدان میں اتریں گی اور اعصاب کی مضبوطی آج کے میچ کے نتیجے کا تعین کرے گی، سرفراز جیسا بہادر کپتان پاکستان کی خوش قسمتی ہے اور آج کے میچ میں بھی ہم اس سے بہترین کارکردگی کی توقع کریں گے‘وزیراعظم نے کہا کہ جب میں نے کھیل کا آغاز کیا تو میں سمجھتا تھا کہ کامیابی میں 70 فیصد ٹیلنٹ اور30 فیصد ذہن شامل ہوتا ہے لیکن جب میں نے کھیلنا ختم کیا تو میں نے محسوس کیا کہ کامیابی میں دونوں کا تناسب پچاس پچاس ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنے دوست گواسکر سے متفق ہوں جن کا کہنا ہے کہ کامیابی میں ذہنی قوت کا حصہ60 فیصد اور ٹیلنٹ کا 40 فیصد ہوتا ہے۔آج ذہنی صلاحیتوں کا کردار 60 فیصد سے زیادہ ہے۔ادھرنعیم الحق نے کہا ہے کہ سرفراز احمد نے عمران خان کی بات نہ مان کر بڑی غلطی کردی۔ سرفراز احمد کے پہلے بالنگ کرنے کے فیصلے کو نعیم الحق نے غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ آج کا میچ دماغی صلاحیتوں کا امتحان ہے‘ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ درست نہیں کیونکہ قومی ٹیم کا ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ بہت برا ہے۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بھی بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی‘یہی وہ موقع تھا جہاں دماغی صلاحیت کا امتحان ہونا تھا جسے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے بالکل غلط انداز سے ڈیل کیا۔

تازہ ترین