• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد‘لاہور(ایجنسیاں)اپوزیشن جماعتوں کےرہنماؤں نے قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق بیان پر وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی نہیں کرنی چاہئے‘ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان کو کتنی بار مفت مشورہ دیاہے کہ آپ چپ ہی رہاکریں ‘پیپلزپارٹی کے قمر زمان کائرہ کا کہناہے کہ وزیراعظم نے ٹیم کو تقسیم کیا‘مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ریلوکٹانہیں۔مریم اورنگزیب نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کےخلاف میچ پر پوری قوم اپنی ٹیم کو دعائیں دے رہی ہے اور نالائق اعظم اپنی ٹیم کو ریلو کٹا کہہ رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کرکٹ ٹیم کا ہر کھلاڑی قوم کا فخر ہے اور آپ کو کتنی دفعہ مفت مشورہ دیا ہے کہ آپ چپ رہا کریں۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ وزیراعظم کابیان حیران کن ہے،وزیراعظم نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کے بجائے ٹیم کوریلوکٹوںاور ماہرکھلاڑیوں میں تقسیم کیا‘ وزیراعظم ٹیم کوتقسیم کرکے کیاثابت کرناچاہتے ہیں؟ وزیراعظم ٹیم کامورال بلندکرنے کے بجائے حوصلے پست کررہے ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نیازی کا بیان پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہے۔کرکٹ ٹیم کا کوئی کھلاڑی ʼریلو کٹا نہیں ہے ‘ اس قسم کا بیان وزیراعظم نیازی کو زیب نہیں دیتا‘انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب ! خدارا اس قسم کے بیانات دیکر قومی کرکٹ ٹیم کا مورال ڈاؤن نہ کریں۔ نصف سے زائد ریلو کٹے آپ نے اپنی جماعت میں جمع کئے ہوئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا بٹ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو بھی ایک ریلو کٹے پر انحصار نہیں کرنا چاہیے تھا‘کھلاڑیوں کو ریلو کٹا کہنے والا نا اہل بدقسمتی سے اس ملک کا وزیراعظم ہے۔

تازہ ترین