• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفاف احتساب کیلئے سندھ حکومت کو برطرف کیا جائے، جی ڈی اے

کراچی(اسٹاف رپورٹر )گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے )نے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف احتساب کے لئے سندھ حکومت کو فوری طور پر برطرف کیا جائے چونکہ سندھ حکومت کے ہوتے احتساب ممکن نہیں ہے ۔جی ڈی اے نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے ۔جی ڈی اے کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی صدارت میں جی ڈی اے کی کور کمیٹی کا اجلاس عرفان اللہ مروت کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، اجلاس میں پیر صدرالدین شاہ راشدی،غوث علی شاہ، غلام مرتضی جتوئی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، سردار عبدالرحیم، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، سید ظفر علی شاہ، ڈاکٹر صفدر عباسی، ایم پی اے نند کمار گوکلانی، شہریار مہر، چیتن مل آروانی، مخدوم فضل حسین، سیدجلال شاہ جاموٹ اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ کرپٹ لوگ اپنے بچوں کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیں،قربانی سے پہلے بڑی قربانی ہوگی۔ جی ڈی اے کے جنرل سیکرٹری ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی گرفتاری کافی نہیں انہیں سزا بھی دینی چاہئے۔ایڈز اور ہیپاٹائٹس نے سندھ کو تباہ برباد کردیاہے جبکہ سندھ حکومت کرپشن میں مصروف ہے اور اس نے ہر ادارے کو تباہ کردیا ہے لہذابے رحم احتساب کیا جائے۔ پولیس آرڈر کا اعلی عدلیہ نوٹس لے کیونکہ سندھ حکومت پولیس کو بے اختیار کرنا چاہتی ہے، پولیس آرڈر میں آئی جی کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوگا۔ صوبوں کو لون کی مد میں ملنے والی رقم کی بھی تحقیقات کی جائے۔ذوالفقار مرزا نے احتساب کا عمل آخری حد تک ہونا چاہیے۔سندھ کے سابق وزیراعلی سید غوث علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کے خاتمے کے لئے جی ڈی اے اپنا کردار ادا کرے گا۔
تازہ ترین