• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لوکل گورنمنٹ کی سکیموں میں غیر معیاری میٹریل کےاستعمال کی شکایت

ملتان (سٹاف رپورٹر) لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ملتان ڈائریکٹوریٹ میں ترقیاتی سکیموں میں غیر معیاری میٹریل کی شکایت سامنےآئی ہے جبکہ کمیشن وصول کرکے ٹھیکیداروں کو بلوں کی ادائیگی بھی شروع کردی ہے ۔ حلقہ پی پی 216،218،219،220کے شہریوں نے ترقیاتی سکیموں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال پر کمشنر ملتان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔ مبینہ طورلوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ملتان ڈائریکٹوریٹ کے انفراسٹرکچر ڈیپارٹمنٹ کی ملی بھگت سے ترقیاتی سکیموں میں غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیا جارہا ہے۔ 7ہزار پی ایس آئی کی ٹف ٹائل کے بجائے 3سے 4ہزار پی ایس آئی ٹف ٹائل استعمال کی جارہی ہے جس سے ٹف ٹائل چند ماہ میں ہی ٹوٹ پھوٹ اور خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔ایگزیکٹو انجینئرنے سب اچھا کی رپورٹ حکومت پنجاب کو ارسال کردی ہے۔ متعلقہ حلقوں کے شہری لوکل گورنمنٹ افسروں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔شہری محمد نعیم ، یوسف ، فرمائش علی نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان ، ڈپٹی کمشنر ملتان ، اینٹی کرپشن اور نیب حکام کو درخواست گزاری ہے کہ کرپٹ ایکسیئن اور سب انجینئر کے خلاف کارروائی کی جائے اور عوامی پیسہ ریکور کروایا جائے۔ایگزیکٹو انجینئر لوکل گورنمنٹ ملتان خرم عباس نے کہا ہے کہ تمام ٹف ٹائل، برکس ورک اور تار کول کا پہلے ٹیسٹ کروایا جاتا ہے بعد ازاں بلوں کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ ٹھیکیداروں کو پے منٹس کی ادائیگی پر کمیشن وصول نہیں کیا جاتا ۔
تازہ ترین