• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہریوں کو درپیش چھوٹے چھوٹے مسائل جلد حل کر لیں گے،شہرام ترکئی

پشاور ( نیوزڈیسک )خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے اتوار کے روز اپنے حلقہ نیابت صوابی میں مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ معززین علاقہ اور عام شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے اپنے حلقے پی کے 47 کی مختلف یونین کونسلوں جن میں چکنودہ، ترکئی اور ترلاندی شامل ہیں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ان علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کا بھی معائنہ کیا جن میں روڈز کی تعمیر و مرمت اور سڑک کنارے ریٹینگ وال سمیت دیگر چھوٹے بڑے ترقیاتی کام شامل ہیں۔ شہرام خان ترکئی عام شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ صوبائی وزیر سے ملاقات کرنے والے مختلف عوامی وفود نے اپنے علاقوں کے مسائل سے بھی انہیں آگاہ اور ان کے جلد حل کی استدعا کی۔ صوبائی وزیر نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش چھوٹے چھوٹے مسائل قلیل مدت میں حل کر لئے جائیں گے تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور وہ بذات خود بھی عوامی خدمت پر کاربند ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین